کیا ائیرکنڈیشنر کی ہوا بیمار کرسکتی ہے؟

06 مئ 2019
کیا اے سی میں رہنا بیمار کرسکتا ہے — شٹر اسٹاک فوٹو
کیا اے سی میں رہنا بیمار کرسکتا ہے — شٹر اسٹاک فوٹو

موسم گرما میں ائیر کنڈیشنر کا استعمال بہت بڑھ جاتا ہے، مگر اکثر افراد کا یہ بھی سوچنا ہوتا ہے کہ اس ٹھنڈی مشین کی ہوا ان کو بیمار نہ کردے۔

مگر اس کی وجہ اے سی کا بہت زیادہ استعمال نہیں بلکہ آپ کی اپنی غلطیاں ہوتی ہیں جن پر قابو پاکر آپ اس مشین کو زیادہ موثر بناسکتے ہیں۔

اے سی کا خیال نہ رکھا جائے تو یہ جراثیم سے بھی بھر جاتا ہے جو کہ صحت کے لیے نقصان دہ بھی ثابت ہوسکتے ہیں خاص طور پر دمہ اور الرجی جیسے مسائل کا سامنا ہوسکتا ہے۔

یہاں کچھ ایسی غلطیاں دی جارہی ہیں جو لوگ اپنے گھروں میں نصب اے سی کے ساتھ کرتے ہیں جن پر قابو پاکر آپ اپنی صحت کو بچا سکتے ہیں۔

اے سی فلٹرز کی صفائی یا بدلنے کا خیال نہیں رکھتے

کم از کم ہر تین ماہ میں ایک بار اے سی کے فلٹرز کو بدلنا چاہئے جبکہ مہینے میں ایک بار اسے صاف کرنا چاہئے۔ اس کام میں غفلت کے نتیجے میں فلٹرز گندے ہوجاتے ہیں اور ہر قسم کے بیکٹریا کی افزائش ہونے لگتی ہے، جب یہ جراثیم ہوا میں پھیلتے ہیں تو سانس کی مختلف بیماریوں جیسے نمونیا یا دیگر کا خطرہ بڑھتا ہے ۔ ایک غلیظ فلٹر اے سی کے بل میں 5 سے 15 فیصد تک اضافہ کرسکتا ہے جبکہ پورے سسٹم کی زندگی بھی کم کرسکتا ہے۔ اچھی بات یہ ہے کہ اے سی فلٹرز کافی سستے ہوتے ہیں جنھیں بدلا جاسکتا ہے۔

تھرمو سٹیٹ بہت کم رکھنا

ایک تحقیق میں دریافت کیا گیا بیشتر افراد دن بھر اے سی میں رہنے کے بعد خود کو معمول سے زیادہ تھکاوٹ کا شکار پاتے ہیں، سردرد اور بیماری کا احساس بھی ہوسکتا ہے، مگر جب وہ اے سی والے کمرے یا عمارت سے باہر نکلتے ہیں تو یہ مسائل دور ہوجاتے ہیں، تو اس کی وجہ اے سی کا درجہ حرارت بہت کم رکھنا ہوسکتا ہے، بس اس کا درجہ حرارت اتنا بڑھا لیں کہ آپ کو کپکپی محسوس نہ ہو جبکہ کچھ دیر بعد ٹھنڈے ماحول سے باہر نکل کر تازی ہوا سے بھی لطف اندوز ہوں۔

خشک جلد

آپ اے سی والے ماحول میں جتنا وقت گزارتے ہیں، جلد خشک ہونے کا امکان اتنا ہی زیادہ ہوتا ہے کیونکہ اس مشین سے ٹھنڈی اور خشک ہوا خارج ہوتی ہے جس سے جلد میں موجود نمی کم ہونے لگتی ہے، اس کا اثر بالوں پر بھی ہوسکتا ہے، تو اس کا حل تو اچھا موئسچرائزر ہے۔

گرمی ناقابل برداشت ہوجاتی ہے

جب کوئی فرد بہت زیادہ وقت اے سی میں گزارتا ہے تو اس کے لیے گرم موسم کا درجہ حرارت اتنا ہی زیادہ ناقابل برداشت ہوجاتا ہے، جس کی وجہ جسم پر ٹھنڈے ماحول سے گرم ہوا میں نکلنے پر طاری ہونے والا دباﺅ ہوتا ہے، گرمی برداشت نہ کرنے کی صلاحیت کے نتیجے میں ہیٹ ویو کے دوران متاثر ہونے کا خطرہ بڑھتا ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں