’مذہبی اسکالر نہیں مگر رمضان میں ٹی وی پروگرام کرنے سے مذہب کو سیکھا‘

07 مئ 2019
احسن خان کا پروگرام رمضان پاکستان ہم ٹی وی پر نشر ہوگا—اسکرین شاٹ
احسن خان کا پروگرام رمضان پاکستان ہم ٹی وی پر نشر ہوگا—اسکرین شاٹ

اداکار و میزبان احسن خان نے اعتراف کیا ہے کہ وہ مذہبی عالم نہیں، وہ خود کو مذہب کا طالب علم سمجھتے ہیں اور ٹی وی پر رمضان سے متعلق پروگرام کرنے سے انہوں نے مذہب کو سیکھا ہے۔

احسن خان نے ڈان امیجز سے بات کرتے ہوئے اس بات کی بھی تصدیق کی کہ وہ رمضان المبارک میں ہم ٹی وی پر (رمضان پاکستان) نامی پروگرام کرتے دکھائی دیں گے۔

احسن خان نے حال ہی میں پنجاب اسمبلی کی جانب سے رمضان نشریات کے پروگراموں کی میزبانی شوبز شخصیات سے نہ کرانے سے متعلق منظور کی گئی قرارداد کے تناظر میں بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک مسلمان ہیں اور مسلمان ہونے کے ناتے انہیں کسی مذہبی عالم سے اسلام سے متعلق سوال کرنے کے حق سے کوئی محروم نہیں رکھ سکتا۔

ٹی وی میزبان کے مطابق وہ رمضان المبارک میں پروگرام کے دوران علمائے کرام سے مذہب سے متعلق سوال کرتے ہیں اور انہیں اس سے محروم کرنے کا حق کسی کو نہیں۔

ساتھ ہی اداکار نے اعتراف کیا کہ وہ گزشتہ پانچ سال سے رمضان المبارک میں پروگرام کرتے آ رہے ہیں اور اس پروگرام کی وجہ سے ان کی زندگی میں اچھی تبدیلیاں رونما ہوئی ہیں۔

احسن خان کے مطابق انہوں نے اس پروگرام کے ذریعے علمائے اکرام سے کیے جانے سوالات اور ان کے جوابات سے مذہب کو سیکھا ہے۔

اداکار کے مطابق علمائے کرام کو ٹی وی پر دکھانا انتہائی اہم ہے اور ان کے مولانا طارق جمیل، مولانا کوکب نورانی، ڈاکٹر میمونہ مرتضیٰ ملک اور مولانا عمران بشیر جیسی شخصیات سے انتہائی اچھے تعلقات ہیں۔

احسن خان نے ان علمائے کرام کو اپنا استاد قرار دیا اور کہا کہ انہوں نے ان سے بہت کچھ سیکھا ہے۔

ایک سوال کے جواب میں احسن خان کا کہنا تھا کہ وہ یہ دعویٰ نہیں کرتے کہ وہ مذہبی عالم ہیں اور انہوں نے اپنے پروگرام کے ذریعے مذہب سے متعلق بہت کچھ سیکھا ہے، کیوں کہ وہ خود کو طالب علم سمجھتے ہیں۔

احسن خان نے اس امید کا بھی اظہار کیا کہ ان کا پروگرام ’رمضان پاکستان‘ ہم ٹی وی اور پی ٹی وی پر بیک وقت نشر ہوگا۔

خیال رہے کہ چند دن قبل ہی پنجاب اسمبلی نے ماہ مقدس میں ٹی وی چینلز پر رمضان نشریات کے پروگرامات کی میزبانی شوبز شخصیات سے نہ کروانے سے متعلق قرارداد پاس کی تھی۔

پنجاب اسمبلی کی جانب سے منظور کی گئی قرارداد میں وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا گیا تھا کہ وہ پاکستان میڈیا ریگولیٹر اتھارٹی (پیمرا) کو اس بات کا پابند کرے کہ رمضان نشریات کے پروگرامات کی میزبانی شوبز شخصیات نہ کریں۔

تاہم تاحال پیمرا نے اس پر عمل نہیں کیا اور متعدد ٹی وی چینلز کی جانب سے رمضان نشریات کے پروگرامات شوبز شخصیات سے کرائے جانے کا امکان ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں