اسلام آباد: الیکشن کمیشن کی جاری تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ (ق) کی 2018 میں آمدن 93 کروڑ 89 ہزار روپے جبکہ جماعت کے اخراجات 93 کروڑ 17 ہزار روپے تھے۔

الیکشن کمیشن نے سیاسی جماعتوں کے اثاثوں، آمدن اور اخراجات کی تفصیلات جاری کردیں۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ (ق) کی 2017 میں اثاثوں کی مالیت 4 کروڑ 99 لاکھ روپے تھی۔

اس کے علاوہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی 2018 میں آمدن 59 کروڑ 50 لاکھ روپے جبکہ اخراجات 36 کروڑ 8 ہزار روپے رہے۔

الیکشن کمیشن کے مطابق پی ٹی آئی کی 2018 میں اثاثوں کی مالیت 31 کروڑ 66 لاکھ روپے رہی جبکہ 2017 میں تحریک انصاف کے اثاثوں کی مالیت 9 کروڑ 95 لاکھ روپے تھی۔

علاوہ ازیں مسلم لیگ (ن) کی 2018 میں آمدن 12 کروڑ 58 لاکھ روپے جبکہ ان کے اخراجات 4 کروڑ 82 لاکھ روپے کے ہوئے۔

الیکشن کمیشن کے مطابق مسلم لیگ (ن) کی 2018 میں اثاثوں کی مالیت 25 کروڑ 33 لاکھ روپے جبکہ 2017 میں پارٹی کے اثاثوں کی مالیت 22 کروڑ 21 لاکھ روپے تھی۔

قومی اسمبلی میں تیسری بڑی سیاسی جماعت پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کی 2018 میں آمدن 10 کروڑ 9 لاکھ روپے جبکہ اسی سال ان کے اخراجات ایک کروڑ 31 لاکھ روپے تھے۔

الیکشن کمیشن کی جاری تفصیلات کے مطابق متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے 2018 میں آمدن ایک کروڑ 75 لاکھ روپے جبکہ اخراجات ایک کروڑ 66 لاکھ روپے تھے۔

اس کے علاوہ ایم کیو ایم پاکستان کے 2018 میں اثاثوں کی مالیت 3 کروڑ 52 لاکھ روپے جبکہ 2017 میں اثاثوں کی مالیت ایک کروڑ 79 لاکھ روپے تھی۔

تبصرے (0) بند ہیں