گوگل کی سالانہ آئی او ڈویلپر کانفرنس کے دوران کمپنی کی جانب سے کئی بڑے اعلان کیے گئے۔

گزشتہ روز شروع ہونے والی کانفرنس کے دوران ڈویلپرز کے ساتھ ساتھ صارفین کے لیے بھی اہم اعلانات کیے گئے۔

گوگل کی جانب سے ان تمام نئی چیزوں پر کام کیا گیا تو اس کی بیشتر پراڈکٹس بدل کر رہ جائیں گی۔

اس کانفرنس میں جو اہم اعلانات کیے گئے وہ درج ذیل ہیں۔

گوگل سرچ

فوٹو بشکریہ گوگل
فوٹو بشکریہ گوگل

گوگل سرچ اس کمپنی کی سب سے اہم پراڈکٹ ہے اور یہی وجہ ہے کہ اس کے حوالے سے کئی چیزوں کے اعلان کیے گئے۔

سب سے پہلا فیچر گوگل سرچ میں پوڈکاسٹ کا اضافہ ہے جو صارفین کو سرچ میں پوڈکاسٹس کی تلاش میں مدد دے گا اور ان کو سیو کرکے بعد میں سننے کی سہولت بھی دی جائے گی۔

اس کے علاوہ موبائل سرچز میں کیمرا انٹیگریشن اور اگیومینٹڈ رئیلٹی فیچر بھی دیئے جارہے ہیں۔

گوگل کے نئے ویژول سرچ ٹول گوگل لینس کے لیے بھی کئی نئے فیچرز کا اضافہ کیا جارہا ہے اور فون کے کیمرے کو ریسٹورنٹ کے مینیو پر پوائنٹ کرنے پر گوگل لینس اس ریسٹورنٹ کے مقبول ترین پکوان اے آر کے ذریعے ہائی لائٹ کرسکے گا۔

ایک بہترین اضافہ گوگل کا بھی ہے، یہ گوگل کی انٹری لیول فونز کے لیے سرچ ایپ ہے جو صارفین کو کیمرے کی مدد سے کسی اشارے کا تحریری ترجمہ کرنے میں مدد دیتی ہے۔

ڈپلیکس کا ویب ورژن

فوٹو بشکریہ گوگل
فوٹو بشکریہ گوگل

گوگل ڈپلیکس اے آئی فیچر ہے جو ورچوئل پرسنل اسسٹنٹ کی طرح کام کرتا ہے، یہ سروس گزشتہ سال متعارف کرائی گئی تھی جو کہ ریسٹورنٹس سے فونز کالز کرکے آپ کے لیے نشست ریزرو کرانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

ڈپلیکس کو اب فون یں گوگل اسسٹنٹ سے منسلک کیا جارہا ہے جبکہ ویب پر یہ فیچر کسی ویب سائٹ میں نیوی گیشن کرکے صارف کے لیے گاڑی بک کرسکے گا۔

تاہم ابھی یہ ویب پر دستیاب نہیں ہوگا بلکہ گوگل کی جانب سے اس پر کام کیا جارہا تھا اور مزید تفصیلات رواں سال کے آخر تک سامنے آئیں گی۔

پہلے سے بہتر گوگل اسسٹنٹ

فوٹو بشکریہ گوگل
فوٹو بشکریہ گوگل

گوگل نے اپنے ڈیجیٹل اسسٹنٹ کو بھی بہتر بنایا ہے اور نیکسٹ جنریشن گوگل اسسٹنٹ پہلے سے بہت زیادہ تیزرفتار ہوگا، صارف کی اسپیک کمانڈ کو بہت تیزی سے سن سکے گا۔ یہ نیا اسسٹنٹ سب سے پہلے رواں سال کسی وقت نئے پکسل فونز میں متعارف کرایا جائے گا۔

تیز اسپیڈ سے ہٹ کر ایک نیا فیچر پرسنل ریفرنسز بھی اسسٹنٹ میں دیا جارہا ہے جبکہ اسسٹنٹ کو گوگل میپس کا بھی حصہ بنایا جارہا ہے۔

لائیو کیپشن

فوٹو بشکریہ گوگل
فوٹو بشکریہ گوگل

یہ فیچر کسی بھی آڈیو یا ویڈیو سورس میں سب ٹائٹلز کا اضافہ کرے گا، یہ مکمل طور پر ڈیوائس پر چلے گا اور اس کے لیے کسی ڈیٹا یعنی انٹرنیٹ کی ضرورت نہیں ہوگی۔ لائیو کیپشن کو اینڈرائیڈ کیو آپریٹنگ سسٹم میں متعارف کرایا جائے گا مگر گوگل کی جانب سے اس فیچر کو ویڈیوز اور آڈیو فائلز کے علاوہ دیگر شعبوں کے لیے بھی متعارف کرایا جائے گا، یعنی لائیو کیپشن لائیو فون بات چیت کو بھی سپورٹ کرے گا۔

اینڈرائیڈ کیو

فوٹو بشکریہ گوگل
فوٹو بشکریہ گوگل

گوگل نے کانفرنس کے دوران اعلان کیا کہ اس وقت دنیا بھر میں ڈھائی ارب متحرک اینڈرائیڈ ڈیوائسز موجود ہیں اور اینڈرائیڈ کیو بیٹا میں مزید نئے فیچرز کا اضافہ کیا جارہا ہے۔

اینڈرائیڈ کیو میں فولڈ ایبل ڈسپلے والے اسمارٹ فونز کی سپورٹ پر زیادہ توجہ دی جارہی ہے جبکہ فائی جی سپورٹ فراہم کرنے کے لیے بھی کام کیا جارہا ہے۔

اس نئے آپریٹنگ سسٹم میں ایک اور بہترین فیچر اسمارٹ ریپلائی ہوگا جو کہ اینڈرائیڈ ڈیوائسز میں تمام میسجنگ ایپس میں کام کرے گا، اسمارٹ ریپلائی صرف الفاظ کی پیشگوئی نہیں کرے گا بلکہ جملے یہاں تک کہ مکمل جواب بھی بتاسکے گا اور ہاں اینڈرائیڈ کیو میں ڈارک تھیم سپورٹ بھی دی جارہی ہے۔

پرائیویسی اور سیکیورٹی پر اس آپریٹنگ سسٹم میں خاص توجہ دی جارہی ہے۔ اینڈرائیڈ کیو بیٹا 3 ورژن اس وقت 23 مختلف ڈیوائسز کے لیے دستیاب ہے۔

پکسل تھری اے اور پکسل تھری اے ایکس ایل

فوٹو بشکریہ گوگل
فوٹو بشکریہ گوگل

گوگل نے اس ایونٹ کے دوران اپنے مڈرینج اسمارٹ فونز پکسل تھری اے اور تھری اے ایکس ایل بھی متعارف کرائے جو اس کے فلیگ شپ پکسل تھری سیریز جیسے کیمرے سے لیس ہونے کے ساتھ قیمت میں 50 فیصد سستے ہیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں