سام سنگ کا نیا فلیگ شپ فون گلیکسی نوٹ 10 اگست یا ستمبر میں متعارف کرایا جائے گا اور یہ اس کمپنی کا پہلا ایسا فون ہوسکتا ہے جس میں 64 میگا پکسل کیمرا ہوگا۔

جی ہاں سام سنگ اپنے پہلے فولڈ ایبل فون میں آنے والی خرابیوں کے دھچکے سے نکلنے کے لیے نوٹ 10 کو بالکل منفرد بنانے کی خواہشمند ہے۔

گلیکسی فولڈ میں فولڈ ایبل اسکرین کی خرابی کے باعث کمپنی کو اس کی فروخت کی تاریخ کو التوا میں ڈالنا پڑا مگر وہ تیسرے فلیگ شپ فون کے ذریعے ایک بار پھر صارفین کا اعتماد جیتنا چاہتی ہے۔

مختلف لیکس کے مطابق گلیکسی نوٹ 10 میں ایس 10 جیسا ہی ڈسپلے ڈیزائن دیا جائے گا یعنی پنچ ہول سیلفی کیمرا۔

ہر سال گلیکسی نوٹ سیریز کے فونز بنیادی طور پر گلیکسی ایس سیریز کے فونز کے بڑے ڈسپلے والے ورژن ہوتے ہیں جس میں ایس پین اسٹائلوس ہی مختلف ہوتا ہے باقی پراسیسر اور کیمرے وغیرہ یکساں ہوتے ہیں، مگر اس سال بڑی تبدیلی کی جاسکتی ہے۔

سام سنگ نے جمعرات کو 2 نئے موبائل امیجنگ سنسرز متعارف کرائے جو 64 میگاپکسل اور 48 میگا پکسل کے ہیں۔

سام سنگ کے مطابق موبائل کیمرے حالیہ برسوں میں صارفین کے لیے بہت اہمیت اختیار کرگئے ہیں جس میں زیادہ پکسلز اور ایڈوانسڈ پکسل ٹیکنالوجیز متعارف کرائی جارہی ہیں، سام سنگ کے نئے امیجنگ سنسز آج کی موبائل ڈیوائسز میں نئی سطح کی فوٹوگرافی کو لائیں گے۔

یہ نئے سنسرز کم روشنی میں فوٹوگرافی کو زیادہ بہتر بنائیں گے، ان میں سے 64 میگا پکسل سنسر 100 ڈیسی بل تک ایچ ڈی آر سپورٹ فراہم کرتا ہے اور یہ ممکنہ طور پر گلیکسی نوٹ 10 کا حصہ ہوسکتا ہے۔

یعنی گلیکسی نوٹ 10 میں 64 میگا پکسل کا بیک کیمرا کم روشنی میں ڈرامائی حد تک بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرسکے گا۔

اس سے قبل ایک رپورٹ میں یہ بات سامنے آئی تھی کہ اس سال سام سنگ پہلی بار گلیکسی نوٹ 10 کو 2 مختلف ورڑن میں متعارف کراسکتی ہے۔

ان میں سے ایک ڈیوائس 6.28 انچ اسکرین کے ساتھ ہوگی جبکہ دوسرا ماڈل 6.75 انچ ڈسپلے سے لیس ہوگا۔

یہ فونز ایل ٹی ای اور فائیو جی ورڑن میں متعارف کرائے جاسکتے ہیں۔

فروری میں سام سنگ نے پہلی بار ایک ساتھ 4 گلیکسی ایس 10 فونز متعارف کرائے تھے، ایس 10، ایس 10 پلس، ایس 10 ای اور ایس 10 فائیو جی۔

اس سے قبل سامنے آنے والی لیکس کے مطابق گلیکسی نوٹ 10 میں 4 بیک کیمروں کا سیٹ اپ دیا جائے گا جیسا گلیکسی ایس 10 فائیو جی میں دیا گیا ہے۔

یعنی گلیکسی نوٹ 10 میں 12 میگا پکسل اسٹینڈرڈ لینس، 12 میگا پکسل ٹیلی فوٹو لینس، 16 میگا پکسل وائیڈ اینگل لینس اور تھری ڈی ڈیپتھ کیمرا دیا جاسکتا ہے۔

گلیکسی نوٹ 10 میں ایس 10 جیسا انفٹنی او ڈسپلے، ہول پنچ ڈوئل سیلفی کیمرا سیٹ اپ اور اسکرین میں نصب فنگرپرنٹ سنسر بھی دیئے جانے کا امکان ہے۔

خیال رہے کہ اس سال گلیکسی نوٹ سیریز کو 9 سال مکمل ہورہے ہیں مگر پھر بھی یہ نوٹ 10 کہلائے گا کیونکہ کمپنی نے نوٹ 6 کی بجائے براہ راست نوٹ 7 متعارف کرادیا تھا۔

تبصرے (0) بند ہیں