اکشے اور ودیا کی ’بھول بھلیاں‘ میں اب کون ہوگا؟

فلم میں اکشے کمار نے مرکزی کردار نبھایا تھا —فوٹو/ اسکرین شاٹ
فلم میں اکشے کمار نے مرکزی کردار نبھایا تھا —فوٹو/ اسکرین شاٹ

بولی وڈ کھلاڑی اداکار اکشے کمار کی کامیاب مزاحیہ فلم ’بھول بھلیاں‘ کے سیکوئل بننے کی رپورٹس سامنے آرہی ہیں۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق اس نئی فلم کی کہانی فرحاد سمجی نے تحریر کی اور وہی اس کی ہدایات بھی دیں گے۔

خیال رہے کہ 2007 میں ریلیز ہونے والی فلم ’بھول بھلیاں‘ کی ہدایات پریادرشن نے دی تھی۔

رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ فلم کے پروڈیوسر بھوشن کمار طویل عرصے سے اس کا سیکوئل بنانے کے خواہشمند تھے اور جب انہوں نے فرحاد سمجی کے آگے اس فلم کا خیال ظاہر کیا تو انہوں نے بھی اپنی دلچسپی ظاہر کی۔

فلم کی پروڈکشن کا ابتدائی کام جاری ہے، جبکہ اس مرتبہ سیکوئل میں نئی کاسٹ کو شامل کیا جائے گا۔

رپورٹ کے مطابق فلم میں نئے کرداروں کو حصہ بنایا جائے گا۔

یاد رہے کہ 2007 میں سامنے آئی فلم ’بھول بھلیاں‘ 2005 کی کامیاب تامل فلم ’چندرمکھی‘ کا ریمیک تھی جس میں رجنی کانتھ نے مرکزی کردار نبھایا تھا۔

فلم ’بھول بھلیاں‘ میں اکشے کمار، ودیا بالن، شائنی اہوجا اور امیشا پٹیل نے مرکزی کردار نبھائے تھے۔

فلم کی کہانی امریکا سے تعلق رکھنے والے ایک شادی شدہ جوڑے سدھارتھ اور اونی پر مبنی تھی جو امریکا چھوڑ کر بھارت چھٹیاں منانے آتے ہیں۔

فلم میں پریش راول، منوج جوشی اور راجپال یادو نے بھی اہم کردار نبھائے۔

واضح رہے کہ فرحاد سمجی اس وقت اکشے کمار کی فلم ’ہاؤس فلم 4‘ پر بھی کام کررہے ہیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں