بھارتی فورسز کی ریاستی دہشت گردی جاری، مزید 5 کشمیری نوجوان شہید

اپ ڈیٹ 16 مئ 2019
نوجوانوں کی شہادت پر ضلع پلوامہ میں مظاہرین اور بھارتی فورسز کے درمیان جھڑپوں کی اطلاعات بھی ہیں  — فائل فوٹو: اے پی
نوجوانوں کی شہادت پر ضلع پلوامہ میں مظاہرین اور بھارتی فورسز کے درمیان جھڑپوں کی اطلاعات بھی ہیں — فائل فوٹو: اے پی

سری نگر: مقبوضہ کشمیر کے ضلع پلوامہ اور بارہ مولہ میں قابض بھارتی فورسز نے تازہ ریاستی دہشت گردی کی کارروائیوں میں مزید 5 کشمیری نوجوانوں کو شہید کردیا۔

کشمیر میڈیا سروس کی رپورٹ کے مطابق ضلع پلوامہ کے علاقے دالی پور میں بھارتی فورسز نے سرچ آپریشن کے دوران ایک مکان میں 3 نوجوانوں، نصیر پنڈت، عمر میر اور خالد احمد کو قتل کرنے کے بعد مکان میں باردو لگا کر اسے تباہ کردیا۔

بعد ازاں اسی علاقے میں بھارتی فورسز کی فائرنگ سے رئیس احمد ڈار شہید اور ان کے بھائی یونس احمد ڈار زخمی ہوگئے۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ فائرنگ میں شہید ہونے والے رئیس ڈار اور ان کے بھائی مبینہ طور پر مذکورہ مکان مالک کے بیٹے تھے۔

مزید پڑھیں: بھارتی فورسز کی فائرنگ سے مزید 2 کشمیری شہید

اس کے علاوہ مذکورہ علاقے میں ایک بھارتی فوجی کے ہلاک ہونے اور دیگر 2 اہلکاروں کے شدید زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔

ضلع پلوامہ میں نوجوانوں کی شہادت پر کشمیریوں نے احتجاج کیا جس کے بعد علاقے میں مظاہرین اور بھارتی فورسز کے درمیان جھڑپوں کی اطلاعات بھی ہیں۔

علاوہ ازیں بھارتی فورسز کے ہاتھوں نوجوانوں کی ہلاکت پر نا صرف پلوامہ بلکہ اس سے منسلک ضلع شوپیاں میں بھی مظاہرے ہوئے، شہید ہونے والے ایک نوجوان عمر میر کا تعلق اسی ضلع سے تھا۔

اس قبل ضلع بارہ مولہ میں بھارتی فورسز کی فائرنگ کا نشانہ بننے والا 23 سالہ ارشد احمد ڈار زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا، انہیں 13 مئی کو قابض فورسز نے نشانہ بنایا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: بھارتی فورسز کی فائرنگ سے مزید 2 کشمیری نوجوان شہید

سری نگر کے سورہ انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنس کے ڈاکٹر فاروق جان نے بتایا کہ ارشد کو متعدد زخم آئے تھے اور انہیں گولیوں کے ساتھ ساتھ پیلٹ گن کے فائر بھی لگے تھے۔

اس کے علاوہ گذشتہ ہفتے ضلع شوپیاں میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے زخمی ہونے والے بھارتی حمایت یافتہ پیپلز ڈیموکریٹ پارٹی (پی ڈی پی) کے رضا کار عارف لون سر نگر میں دوران علاج دم توڑ گئے۔

دوسری جانب ضلع دودا کے علاقے بہادر واہ میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے ایک نوجوان، نعیم شاہ کو ہلاک کردیا، واقعے کے بعد حکام نے علاقے میں پابندیاں عائد کردیں۔

کشمیر میڈیا سروس کی ایک علیحدہ رپورٹ میں بتایا گیا کہ ماہ رمضان المبارک کے دوران 8 کشمیری نوجوانوں کی شہادت پر جوائنٹ رزیسٹینس لیڈر شپ (جے آر ایل) نے وادی میں مکمل شٹر ڈاون کرنے کا اعلان کیا۔

جے آر ایل نے ایک جاری بیان میں کہا کہ ماہ رمضان میں بھی بھارتی فورسز کی کارروائیوں میں کشمیریوں کی شہادتوں کا سلسلہ نہ تھم سکا۔

مزید پڑھیں: مقبوضہ کشمیر: بھارتی فوج کی درندگی سے اگست میں 34 افراد جاں بحق

بیان میں مزید کہا گیا کہ کشمیری نہ حل ہونے والے مسئلہ کشمیر کے لیے آزادی کی قیمت ادا کررہے ہیں، اس کے باوجود کے قابض فورسز ان کے خلاف طاقت کا بے دریغ استعمال کررہی ہے۔

خیال رہے کہ 1989 سے متعدد مسلح گروپ بھارتی فوج اور ہمالیہ کے علاقوں میں تعینات پولیس سے لڑتے آئے ہیں اور وہ پاکستان سے انضمام یا کشمیر کی آزادی چاہتے ہیں۔

اس لڑائی کے دوران اب تک ہزاروں لوگ مارے جاچکے ہیں، جس میں زیادہ تر عام شہری ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں