ریسلنگ لیجنڈ اچانک بیمار ہوکر ہسپتال میں زیرعلاج

رک فلیئر — فوٹو بشکریہ ڈبلیو ڈبلیو ای
رک فلیئر — فوٹو بشکریہ ڈبلیو ڈبلیو ای

رک فلیئر کو ریسلنگ کی دنیا میں لیجنڈ کا درجہ حاصل ہے اور اس وقت وہ انتہائی بیمار اور ہسپتال میں زیرعلاج ہیں۔

یہ بات امریکی میڈیا کی مختلف رپورٹس میں سامنے آئی ہے۔

سولہ بار ورلڈ چیمپئن رہنے والے رک فلیئر جب ہسپتال میں داخل ہوئے تو ٹی ایم زی کی ایک رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا کہ نیچر بوائے کی عرفیت سے مشہور سابق ریسلر بہت سنگین طبی ایمرجنسی کا شکار ہونے کے بعد اٹلانٹا کے ہسپتال میں داخل ہوئے۔

مگر اس کے بعد رک فلیئر کی بیٹی میگن کے شوہر کونارڈ تھامپسن نے اس رپورٹ کی تردید کی۔

انہوں نے بتایا کہ رک فلیئر کو اگلے ہفتے لاس ویگاس میں ایک ریسلنگ شو میں شرکت کرنا ہے اور لیجنڈ ریسلر اور ان کا خاندان ہسپتال کے طریقہ کار سے واقف ہے، مداح ان کے لیے دعا کریں۔

ڈبلیو ڈبلیو ای یا رک فلیئر کے ترجمان کی جانب سے فی الحال کوئی بیان سامنے نہیں آیا۔

اس سے قبل 2017 میں رک فلیئر کو اسی طرح اچانک ہسپتال داخل کرایا گیا جہاں وہ کوما کا شکار ہوگئے تھے اور 11 دن تک آئی سی یو میں کوما میں رہے۔

تاہم اب انہیں کس بیماری کی وجہ سے ہسپتال داخل ہونا پڑا ، یہ تاحال علم نہیں ہوسکا۔

مگر بیشتر حلقوں کا ماننا ہے کہ ریسلنگ لیجنڈ کو دل کے مسائل کا سامنا ہے جس کا اعتراف وہ اپنی سوانح حیات میں بھی کرچکے ہیں۔

خیال رہے کہ رک فلیئر کافی عرصہ پہلے ریسلنگ کی دنیا کو خیرباد کہہ چکے ہیں مگر وہ اب بھی اکثر ڈبلیو ڈبلیو ای میں نظر آتے ہیں۔

ان کی بیٹی شیرولیٹ اس وقت ڈبلیو ڈبلیو ای میں سرگرم ہیں اور کئی بار چیمپئن رہ چکی ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں