دبئی ایئرپورٹ پر چھوٹا طیارہ گر کر تباہ، 2 افراد ہلاک

17 مئ 2019
حادثہ طیارے میں تکنیکی خرابی کی وجہ سے پیش آیا — فوٹو: خلیج ٹائمز
حادثہ طیارے میں تکنیکی خرابی کی وجہ سے پیش آیا — فوٹو: خلیج ٹائمز

دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر چھوٹا نجی طیارہ گر کر تباہ ہونے کے نتیجے میں 2 افراد ہلاک ہوگئے۔

خلیج ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق متحدہ عرب امارات کی جنرل سول ایوی ایشن اتھارٹی (جی سی اے اے) کے مطابق طیارہ، دبئی ایئرپورٹ پر ٹیرسٹریل نیوی گیشن سسٹم کی پیمانہ بندی کے مشن پر تھا جس دوران یہ واقعہ پیش آیا۔

برطانیہ میں رجسٹرڈ 'ڈی اے 42' کو حادثہ دبئی ایئرپورٹ سے 3 میل جنوب میں پیش آیا جبکہ عملے کے 4 ارکان میں تین برطانوی اور ایک جنوبی افریقی شہری شامل تھے۔

دبئی میڈیا آفس سے کی گئی ٹویٹ میں کہا گیا کہ 'حادثے کے وقت طیارے میں 4 افراد سوار تھے تاہم پائلٹ اور اس کا معاون حادثے میں ہلاک ہوا۔'

دوسری ٹویٹ میں کہا گیا کہ'چھوٹا طیارہ 'ڈائمنڈ 43' ہَنی ویل کمپنی کی ملکیت تھا جو تکنیکی خرابی کی وجہ سے گر کر تباہ ہوا۔'

دبئی ایئرپورٹ کے ترجمان نے بتایا کہ 'حادثے کی وجہ سے ایئرپورٹ آپریشنز میں ایک گھنٹے کا تعطل آیا اور سیکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے چند فلائٹس کا احتیاطاً رخ موڑا گیا۔'

تبصرے (0) بند ہیں