سابق گورنر سندھ عشرت العباد کے بھائی گرفتار

17 مئ 2019
شوہر کو 'جعلی' مقدمے میں حراست میں لیا گیا، اہلیہ — فائل فوٹو
شوہر کو 'جعلی' مقدمے میں حراست میں لیا گیا، اہلیہ — فائل فوٹو

کراچی: پولیس نے سابق گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد کے چھوٹے بھائی کو چیک باؤنس ہونے سے متعلق ایک وکیل کی شکایت پر گرفتار کر لیا۔

سٹی کورٹ کی پولیس نے عامرالعباد کو جمعہ کی صبح گلستان جوہر میں واقع رہائش گاہ سے گرفتار کیا جس کے بعد انہیں تھانے لایا گیا۔

سٹی کورٹ کے ایس ایچ او سہیل اختر نے کہا کہ وکیل طارق نیازی نے عامرالعباد کے خلاف 40 لاکھ روپے کا چیک باؤنس ہونے کے الزام کے تحت دو روز قبل ایف آئی آر درج کروائی تھی۔

تاہم عامرالعباد کی اہلیہ شہلا عامر نے اپنے وکلا کے ہمراہ پریس کانفرنس کے دوران دعویٰ کیا کہ ان کے شوہر کو 'جعلی' مقدمے میں حراست میں لیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ پولیس ان کے شوہر کو عدالت میں بھی پیش نہیں کر رہی۔

ان کا کہنا تھا کہ جب ان کے شوہر نے ایک جعلی مقدمے میں ضمانت قبل از گرفتاری حاصل کر لی تو ان کے خلاف دوسرا مقدمہ درج کر لیا گیا اور پولیس عامرالعباد کو گھر سے 'زبردستی' لے گئی۔

تاہم ایس ایچ او سہیل اختر کا کہنا تھا کہ عامرالعباد کو تفتیش کے لیے چوبیس گھنٹے کے لیے حراست میں لیا گیا، انہیں ہفتہ کے روز عدالت میں پیش کرکے تفتیش کے لیے مزید ریمانڈ کی درخواست کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ عامرالعباد نے چیک باؤنس ہونے کے کیس میں ضمانت قبل از گرفتاری حاصل نہیں کی تھی۔

تبصرے (0) بند ہیں