جوانی میں بالوں کی سفیدی کی وجہ یہ تو نہیں؟

18 مئ 2019
بالوں کی قبل از وقت سفیدی کسی مسئلے کا نتیجہ ہوسکتی ہے — شٹر اسٹاک فوٹو
بالوں کی قبل از وقت سفیدی کسی مسئلے کا نتیجہ ہوسکتی ہے — شٹر اسٹاک فوٹو

بالوں کا سفید ہونا یا بالوں کا قدرتی رنگ ختم ہوکر سفید ہوجانا ایک قدرتی عمل ہے جس کا سامنا عمر بڑھنے کے ساتھ ہر ایک کو ہوتا ہے۔

تاہم اگر بالوں کی رنگت جوانی میں سفید ہوجائے تو یہ جسم میں کسی قسم کی غذائی کمی کی علامت ہوسکتی ہے۔

ہوسکتا ہے کہ آپ کو علم نہ ہو مگر وٹامن بی 12 ہمارے جسم کے لیے ایک بہت ضروری وٹامن ہے جو کہ خون کے سرخ خلیات کو بنانے میں مدد دیتا ہے، ڈی این اے بناتا ہے اور اعصابی نظام کو صحت مند رکھتا ہے۔

اور بالوں میں اچانک نمودار ہونے والی سفیدی جسم میں وٹامن بی 12 کی کمی کی ایک علامت ہوسکتی ہے۔

اگر بالوں کی سفیدی کے ساتھ اکثر شدید سردرد، کھانے کی خواہش ختم ہوجانے یا ہر وقت تھکاوٹ کا احساس بھی ہوتا ہے تو یہ وٹامن بی 12 کی کمی کا نتیجہ ہوسکتی ہے۔

عمر کے ساتھ بالوں میں سفیدی بالوں کی جڑوں سے میلانن نامی پروٹین کی بتدریج کمی کا نتجہ ہوتا ہے۔

ویسے 30 سال کی عمر کے بعد بالوں کی سفیدی آنے کا امکان ہر دہائی کے بعد 10 سے 20 فیصد تک بڑھ جاتا ہے جبکہ دیگر وجوہات میں ہارمونز، مختلف کیمیکلز کا استعمال، ماحولیاتی آلودگی وغیرہ قابل ذکر ہیں۔

وٹامن بی 12 کی کمی نہ صرف بالوں کو سفید ہی نہیں کرتی بلکہ ان کا گھنا پن بھی کم کرتی ہے۔

اگر بالوں کی رنگت میں عمر کی تیسری دہائی میں تبدیلی آنے لگے تو ڈاکٹر سے رجوع کرنا چاہیے کیونکہ بی 12 کی کمی دنیا بھر میں بہت عام ہے مگر لوگ اس پر توجہ نہیں دیتے۔

اس وٹامن کی کمی کی چند علامات تو اوپر درج ہوچکی ہیں جبکہ دیگر علامات میں خون کی کمی، ذہنی مسائل جیسے دماغی دھند، دائمی درد قابل ذکر ہیں جبکہ الزائمر امراض کا خطرہ بھی بڑھتا ہے۔

ویسے وٹامن بی 12 کے ساتھ ساتھ وٹامن بی سکس، وٹامن ڈی یا وٹامن ای کی کمی بھی بالوں میں سفیدی کا باعث بن سکتی ہے۔

بالوں کی سفیدی روکنے میں مددگار ٹوٹکا

یقیناً بالوں کی سفیدی چھپانے کے لیے ہیئر کلر کو استعمال کیا جاسکتا ہے مگر طویل المعیاد بنیادوں پر یہ بالوں کے لیے نقصان دہ ثابت ہوتا ہے جو روکھے پن اور بے جان کرسکتے ہیں۔

یہاں آپ لیموں کے عرق اور ناریل کے تیل کا ایک گھریلو ٹوٹکا جان سکیں گے جو بالوں پر جادوئی اثرات مرتب کرتا ہے۔

یہ نہ صرف بالوں کو چمکدار اور نرم کرتا ہے بلکہ قبل از وقت سفیدی کی روک تھام بھی کرتا ہے۔

جیسا آپ کو معلوم ہوگا کہ ناریل کا تیل طاقتور جراثیم کش خصوصیات کا حامل ہوتا ہے جس میں موجود دیگر اجزاءبالوں کی نشوونما اور مضبوطی میں مدد دیتے ہیں جبکہ اینٹی آکسائیڈنٹس پروٹین کی کمی کرکے بالوں کی سفیدی کو ریورس کرتے ہیں۔

اسی طرح لیموں وٹامن بی، سی اور فاسفورس سے بھرپور ہوتا ہے جو بالوں کے لیے فائدہ مند ہے جو کہ طویل عرصے تک بالوں میں سفیدی کی روک تھام کرتا ہے۔

اجزا

تین چائے کے چمچ لیموں کا عرق

50 ملی لیٹر ناریل کا تیل

طریقہ کار

ان دونوں اجزاءکو اچھی طرح مکس کریں اور بالوں کی جڑوں میں لگائیں۔

اس کے بعد دو سے تین منٹ تک سر کی مالش کریں اور اس مکسچر کو ایک گھنٹے کے لیے لگا رہنے دیں۔

اس کے بعد سر کو معمول کے مطابق شیمپو سے دھولیں۔

ہفتے میں ایک بار اس کو آزمائیں، اس کا نتیجہ آپ کو حیران کردے گا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (1) بند ہیں

رابعہ جمیل May 19, 2019 02:45pm
لیکن آج کل تو لیموں کی قیمت آسمان سے باتیں کر رہی ہے،اسے بالوں میں کیسے لگائیں؟؟؟؟؟؟؟؟؟؟