جامشورو: دریائے سندھ میں کشتی الٹنے سے 4 افراد جاں بحق

اندھیرے کے باعث تلاش کا عمل متاثر ہورہا ہے، ڈپٹی کمشنر—فوٹو: اے ایف پی
اندھیرے کے باعث تلاش کا عمل متاثر ہورہا ہے، ڈپٹی کمشنر—فوٹو: اے ایف پی

حیدر آباد: جامشورو کے علاقے بدھاپور میں دریائے سندھ میں مسافر کشتی الٹنے سے ایک ہی خاندان کے 4 افراد ڈوب گئے جبکہ 6 افراد تاحال لاپتہ ہیں۔

جامشورو کے ڈپٹی کمشنر فردین مصطفیٰ نے ڈان کو بتایا کہ ابتدائی طور پر 6 افراد کے جاں بحق ہونے کی اطلاع تھی، تاہم ڈاکٹروں نے سی پی آر (مصنوعی طریقہ بحالی تنفس) کے ذریعے 2 کی جان بچا لی۔

یہ بھی پڑھیں: لاڑکانہ: کشتی ڈوبنے سے ایک شخص ہلاک، 12 لاپتہ

ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ کشتی میں سوار 5 سے 6 افراد تاحال لاپتہ ہیں جن کی تلاش کے لیے نیوی اہلکاروں کی مدد حاصل کی جارہی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ اندھیرے کے باعث تلاش کا عمل متاثر ہو رہا ہے۔

متاثرین کے حوالے سے فردین مصطفیٰ نے بتایا کہ حادثے کا شکار فیملی دریائے سندھ کے ذریعے مٹیاری سے جامشورو جارہی تھی کہ اس دوران ان کی کشتی الٹ گئی۔

خیال رہے کہ 19 نومبر کو بھی دریائے سندھ میں خیرپور کے مقام پر مسافروں سے بھری کشتی الٹ گئی تھی جس کے نتیجے میں ایک خاتون اور 3 بچے ڈوب کر جاں بحق ہوگئے تھے۔

واقعہ خیرپور میں کچے کے علاقے سگیو میں لاڑکانہ جاتے ہوئے پیش آیا، کشتی میں 20 افراد سوار تھے جن میں سے 15 افراد کو زندہ بچالیا گیا تھا۔

مزید پڑھیں: پاکستانی میری ٹائم سیکیورٹی کی کشتی ڈوبنے کا واقعہ

خیال رہے کہ لاڑکانہ اور نوشہرو فیروز سمیت سندھ کے اکثر اضلاع میں موجود کچے کے علاقوں میں لوگ کشتیوں کے ذریعے سفر کرتے ہیں، کچے کے علاقے دریائی علاقے کہلاتے ہیں جو دریا کے کنارے آباد ہونے کی وجہ سے سڑکوں کی تعمیر سمیت دیگر ٹرانسپورٹ اور جدید سہولیات سے محروم ہوتے ہیں۔

ان علاقوں کے زیادہ تر افراد دریا کے راستے کشتیوں کے ذریعے سفر کرتے ہیں، جس وجہ سے اس طرح کے حادثات پیش آتے رہتے ہیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں