وزیر خارجہ کی کویت کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت

19 مئ 2019
وزیر خارجہ نے یقین دہانی کروائی کہ کویت کے ساتھ دو طرفہ تعلقات کو اہمیت دیتے ہیں — فوٹو بشکریہ ریڈیو پاکستان
وزیر خارجہ نے یقین دہانی کروائی کہ کویت کے ساتھ دو طرفہ تعلقات کو اہمیت دیتے ہیں — فوٹو بشکریہ ریڈیو پاکستان

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے حکومت پاکستان کی جانب سے اقتصادی سفارتی کاری کا آغاز کرتے ہوئے کویت کے تاجروں کو ملک میں سرمایہ کاری کی دعوت دے دی۔

ریڈیو پاکستان کی رپورٹ کے مطابق ان دنوں دو روزہ دورے پر کویت میں موجود شاہ محمود قریشی نے گذشتہ روز کویت میں اپنے ہم منصب صباح الخالد الصباح سے افطار عشائیے کے موقع پر ملاقات کی۔

وزیر خارجہ نے ملاقات میں کویت کی جانب سے ہر مشکل صورت حال میں پاکستانی مدد کی نشاندہی کی اور الصبا کو یقین دہانی کروائی کہ پاکستانی عوام، کویت کی حکومت اور عوام کی عزت کرتے ہیں۔

مزید پڑھیں: عالمی پیداواری تسلسل کا حصہ بننا پاکستان کیلئے ناگزیر ہے، وزیر خارجہ

محمود قریشی نے اس عزم کا اظہار بھی کیاکہ پاکستان، کویت کی ریاست کے ساتھ دو طرفہ تعلقات کو اہمیت دیتا ہے۔

کویت کے وزیر خارجہ نے ان کے ملک میں پاکستانی ورکرز کی خدمات اور سخت محنت کو سراہا۔

رپورٹ کے مطابق اسی دوران کویت کے نامور تاجروں کے وفد نے شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی، جس میں وزیر خارجہ نے انہیں بتایا کہ ان کی حکومت نے اقتصادی سفارت کاری کا آغاز کیا ہے اور تمام سفارت خانوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ تمام غیر ملکی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں کاروبار سے متعلق مواقع کے حوالے سے آگاہ کریں۔

رپورٹ کے مطابق انہوں نے ملاقات میں نشاندہی کی کہ عرب ریاستوں سے تعلق رکھنے والی متعدد کمپنیاں پاکستان میں اچھا کاروبار کررہی ہے اور کویت میں تاجروں کے وفد کو یقین دہانی کروائی کہ پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے گی۔

یہ بھی پڑھیں: لوٹی دولت واپس لانے کیلئے 26 ممالک سے معاہدے ہوچکے ہیں، وزیر اعظم

ریڈیو پاکستان کی رپورٹ کے مطابق کویت میں تاجروں کے وفد نے وزیر خارجہ سے پاکستان میں مستقبل میں سرمایہ کاری میں دلچسپی کا اظہار کیا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں