‘جو لوگ جمہوریت بچانے کیلئے اکٹھے ہوئے ان ہی کی وجہ سے ملک آگے نہیں بڑھ سکا’

20 مئ 2019

ای میل

عمران خان نے شوکت خانم ہسپتال کی فنڈ ریزنگ تقریب سے خطاب کیا — فوٹو: اے پی پی
عمران خان نے شوکت خانم ہسپتال کی فنڈ ریزنگ تقریب سے خطاب کیا — فوٹو: اے پی پی

وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ جمہوریت بچانے کے لیے جو لوگ اکٹھے ہو ئے ہیں ان لوگوں کی وجہ سے ہمارا ملک آگے نہیں بڑھا،ملک اس وقت معاشی طور پر مشکل دور سے گزر رہا ہے لیکن پاکستانی قوم میں قربانی کا جذبہ ہے۔

اسلام آباد میں شوکت خانم ہسپتال کی فنڈریزنگ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے تقریب کے شرکاء کا خیر مقدم کیا۔

انہوں نے کہا کہ شوکت خانم ہسپتال میں 75 فیصد غریبوں کا کینسر کا مفت علاج عالمی معیار کے مطابق ہوتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک اس وقت معاشی طور پر مشکل دور سے گزر رہا ہے لیکن پاکستانی قوم میں قربانی کا جذبہ ہے اور وہ دل کھول کرفلاحی کاموں میں حصہ لیتی ہے۔

مزید پڑھیں: عیدالفطر کے بعد حکومت کے خلاف اے پی سی ہوگی، بلاول بھٹو

وزیر اعظم نے کہا کہ شوکت خانم ہسپتال پاکستان کی عظیم قوم نے بنایا اوروہ ہی اس کو چلا رہی ہے، دنیا میں شوکت خانم ہسپتال جیسی علاج گاہ کی مثال نہیں ملتی، پاکستانی قوم شوکت خانم ہسپتال کے لیے ہرسال پہلے سے زیادہ عطیات دیتی ہے۔

عمران خان شوکت خانم ہسپتال میں کینسر کا علاج حاصل کرنے والے 2 بچوں کے ساتھ کھڑے ہیں — فوٹو: اے پی پی
عمران خان شوکت خانم ہسپتال میں کینسر کا علاج حاصل کرنے والے 2 بچوں کے ساتھ کھڑے ہیں — فوٹو: اے پی پی

انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس ایک کروڑ روپے تھے جب ہم نے 70 کروڑ کے اس منصوبے کا آغاز کیا تھی لیکن ایک دن بھی پیسے کی کمی کی وجہ سے کام کو نہیں روکا۔

انہوں نے بتایا کہ پشاور میں بھی شوکت خانم ہسپتال بنا دیا گیا ہے جس میں اکتوبر میں سرجری کا عمل شروع ہوجائے گا جبکہ کراچی کا ہسپتال لاہور سے دوگنا بڑا بنایا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ وہ ہسپتال کے لیے حکومت سے کوئی پیسہ نہیں لے رہے، صرف عوام سے ہسپتال کے لیے چندہ اکٹھا کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جمہوریت بچانے کے لیے جو لوگ آج اکٹھے ہوئے ہیں، یہ وہ لوگ ہیں جن کی وجہ سے ہمارا ملک آگے نہیں بڑھ سکا۔

وزیراعظم نے کہا کہ اس ملک میں تیسری پارٹی کا اقتدار میں آنا مشکل تھا لیکن ہم نے مشکل حالات میں حکومت سنبھالی ہے، ملک 70 سال سے معاشی بحران کا شکار تھا لیکن ہم ثابت کریں گے کہ سارے خطے میں پاکستان اوپر جائے گا۔