پاکستانی ٹیم نے مسلسل شکستوں کا 31 سال پرانا ریکارڈ برابر کردیا

پاکستان کو تاریخ میں دوسری مربتہ لگاتار 10ون ڈے میچوں میں شکست کا سامنا کرنا پڑا— تصاور: اے ایف پی
پاکستان کو تاریخ میں دوسری مربتہ لگاتار 10ون ڈے میچوں میں شکست کا سامنا کرنا پڑا— تصاور: اے ایف پی

انگلینڈ کے خلاف پانچویں ون ڈے میچ میں شکست کے ساتھ ہی پاکستانی ٹیم سیریز بھی 0-4 سے ہار گئی اور اس کے ساتھ ہی پاکستانی ٹیم نے مسلسل 10ویں شکست اپنے نام کی۔

ناقص فیلڈنگ، بدترین باؤلنگ اور خود غرض بیٹنگ کے سبب پاکستانی ٹیم انگلینڈ کے خلاف چاروں میچوں میں بڑا مجموعہ کرنے کے باوجود شکست سے دوچار ہوئی۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان کو دورہ انگلینڈ میں ایک اور شکست، سیریز 0-4 سے انگلینڈ کے نام

اس کے ساتھ ہی قومی ٹیم کو گزشتہ تمام 10میچوں میں شکست کا بھی منہ دیکھنا پڑا اور یہ پاکستان کرکٹ کی تاریخ میں محض دوسرا موقع ہے جب قومی ٹیم کو مسلسل 10 ون ڈے میچوں میں شکست کا سامنا کرنا پڑا ہو۔

اس سے قبل عمران خان کی قیادت میں 1987 سے 1988 کے درمیان ویسٹ انڈیز، انگلینڈ اور آسٹریلیا کے خلاف پاکستانی ٹیم کو مسلسل 10 میچوں میں ناکامی کا منہ دیکھنا پڑا تھا۔

پاکستان کو اس وقت آسٹریلیا کے خلاف ایک، انگلینڈ کے خلاف تین اور ویسٹ انڈیز کے خلاف 6 میچوں میں شکست ہوئی تھی اور ان تمام میچوں میں سے اکثر میں قیادت کے فرائض عمران خان نے انجام دیے تھے۔

مزید پڑھیں: ون ڈے کرکٹ کی تاریخ کا بدترین عالمی ریکارڈ شاہین آفریدی کے نام

اب قومی ٹیم کو 2019 میں سرفراز احمد کی زیر قیادت مسلسل 10 میچوں میں شکستوں کا سامنا کرنا پڑا جبکہ 88-1987 میں پہلی بار مسلسل 10 ناکامیوں کا سامنا کرنے والی ٹیم کے کپتان عمران خان اب ملک کے وزیراعظم ہیں۔

قومی کرکٹ ٹیم کی حالیہ شکستوں کے اس سلسلے کا آغاز جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز کے آخری میچ سے ہوا جس کے بعد آسٹریلیا کے خلاف ون ڈے سیریز میں 0-5 سے وائٹ واش ہوا۔

یہ بھی پڑھیں: انگلینڈ نے ون ڈے کرکٹ میں نیا عالمی ریکارڈ قائم کردیا

انگلینڈ کے خلاف سیریز کا پہلا میچ بارش کی نذر ہوا لیکن اگلے چار میچوں میں میزبان ٹیم نے پاکستان کو شکست دیتے ہوئے مسلسل 10ویں ناکامی سے دوچار کیا۔

یہ عجیب اتفاق ہے کہ پہلی مرتبہ جب پاکستانی ٹیم کی شکستوں کا سلسلہ دراز ہوا تو عمران خان کپتان تھے جبکہ اب دوسری مرتبہ یہ موقع آیا ہے تو وہ وزیر اعظم پاکستان ہیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں