ہمارے جسم کو روزانہ کتنے پانی کی ضرورت ہوتی ہے؟

23 مئ 2019
ہر فرد کے لیے پانی کی مقدار مختلف ہوسکتی ہے— شٹر اسٹاک فوٹو
ہر فرد کے لیے پانی کی مقدار مختلف ہوسکتی ہے— شٹر اسٹاک فوٹو

کیا آپ کو معلوم ہے کہ روزانہ کتنے گلاس پانی پینا صحت کے لیے ٹھیک رہتا ہے ؟ یقیناً بیشتر افراد کے ذہنوں میں 8 کا ہندسہ گونجا ہوگا جو کہ ہمارے ذہنوں میں برسوں سے روزانہ پانی کے استعمال کی مثالی مقدار کی شکل میں چپک چکا ہے۔

مگر حقیقت تو یہ ہے کہ روزانہ کتنا پانی پینا چاہئے اس کا انحصار فرد کے جسمانی وزن اور ساخت پر ہوتا ہے۔

طبی ماہرین کے مطابق ہر فرد کے لیے پانی کی مقدار مختلف ہوسکتی ہے مگر ہم متحرک بالغ افراد کو 2 سے 4 لیٹر پانی پینے کا مشورہ دیتے ہیں تاکہ جسم میں اس سیال کی مقدار مناسب سطح پر رہ سکے جبکہ پانی کی ضرورت میں کمی بیشی کا انحصار موسم پر بھی ہوتا ہے۔

مزید پڑھیں : کیا ڈی ہائیڈریشن کی ان علامات سے واقف ہیں؟

اگر آپ ورزش کرتے ہیں تو پانی کا زیادہ استعمال کرنا چاہئے کیونکہ پٹھوں کو مناسب افعال اور مرمت کے لیے زیادہ پانی کی ضرورت ہوتی ہے۔

اسی طرح جسم گرم موسم میں پسینے کے ذریعے خود کو ٹھنڈا رکھنے کے لیے کافی محنت کرتا ہے اور اگر پسینہ زیادہ آئے تو پانی زیادہ پینا چاہئے تاکہ ڈی ہائیڈریشن سے بچا جاسکے، یعنی پیاس محسوس کیے بغیر بھی دن بھر جب موقع ملے پانی پی لیں۔

کچھ طبی ماہرین جسمانی وزن اور اونس کو پانی پینے کا معیار قرار دیتے ہیں، جیسے اگر آپ کا وزن 180 پونڈ (81 کلو گرام سے زیادہ) ہو تو 90 اونس پانی یا 3 لیٹر پانی روزانہ جسم کی ضرورت ہوتی ہے۔

اس سے ہٹ کر امریکا کا مایو کلینک نے خواتین کو روزانہ 2.7 لیٹر اور مردوں کو 3.7 لیٹر پانی پینے کا مشورہ دے رکھا ہے۔

آسان فارمولا

امریکا کے مایو کلینک کے میڈیکل ریسرچ سینٹر نے کہا ہے کہ مردوں کو اوسطاً تیرہ کپ پانی روزانہ پینا چاہئے جبکہ خواتین میں یہ مقدار نو ہونی چاہئے۔

مگر ہر شخص کا جسم مختلف ہوتا ہے اور پانی کی ضرورت کا انحصار بھی اس کے مطابق ہوتا ہے جس کے لیے ایک سادہ سائنسی فارمولا استعمال کیا جاسکتا ہے۔

اپنے جسمانی وزن کو لیں اور اسے 2.2 سے تقسیم کریں۔

اس کے بعد جو نمبر آئے اسے اپنی عمر کے مطابق ضرب کریں اور مجموعے کو 28.3 سے تقسیم کریں۔

پھر جو نمبر آئے گا وہ بتائے گا کہ روزانہ کتنے اونس پانی پینے کی ضرورت ہے مگر اسے بھی 8 سے تقسیم کریں تاکہ گلاسوں کی تعداد میں نتیجہ سامنے آجائے۔

جسم میں پانی کی کمی کیسے جانیں؟

پیشاب کی رنگت سے یہ جاننا ممکن ہے کہ آپ کو مزید پانی پینے کی ضرورت ہے یا نہیں، طبی ماہرین کے مطابق اگر پیشاب کی رنگت لیمونیڈ یا لیموں پانی کے قریب ہے تو اس کا مطلب ہے کہ مناسب مقدار میں پانی استعمال کیا جارہا ہے، اگر اس کی رنگت گہری زرد ہے تو مزید پانی پینے کی ضرورت ہے۔

اسی طرح تھکاوٹ، خشک جلد، سانس میں بو، پٹھے کاڑنا، قبض اور غشی طاری ہونا بھی ڈی ہائیڈریشن کی عام علامات ہیں۔

عمر بھی جسمانی ہائیڈریشن کے حوالے سے اہمیت رکھتی ہے، کیونکہ عمر بڑحنے سے پیاس کم محسوس ہونے لگتی ہے جس کی وجہ اس کا میکنزم کمزور ہونا ہے، تو درماینی عمر میں بغیر پیاس کے بھی دو سے 3 گھنٹے کے وقفے کے بعد پانی پی لینا چاہئے۔

یہ بھی پڑھیں : سانس میں بو سے نجات دلانے میں مددگار طریقے

صرف پانی نہیں غذا بھی اہم

زیادہ پانی والی غذاﺅں کا استعمال بھی جسم کو ڈی ہائیڈریشن سے بچانے کے لیے کافی ہے۔

کھیرے، تربوز، پالک اور متعدد دیگر سبزیاں اور پھلوں میں پانی کی مقدار کافی زیادہ ہوتی ہے جو جسم کو ڈی ہائیڈریشن سے تحفظ فراہم کرنے میں مددگار ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں