ائیر کنڈیشنر کا ایسا نقصان جو کسی نے سوچا بھی نہیں تھا

24 مئ 2019
یہ بات امریکا میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی— شٹر اسٹاک فوٹو
یہ بات امریکا میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی— شٹر اسٹاک فوٹو

کیا آپ نے کبھی غور کیا کہ دفاتر میں خواتین ائیرکنڈیشنر کی ہوا سے پریشان رہتی ہیں؟ کیونکہ یہ ٹھنڈی مشین ان کی ذہنی کارکردگی کو متاثر کرتی ہے۔

یہ بات امریکا میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی۔

کیلیفورنیا یونیورسٹی کی تحقیق میں بتایا گیا کہ اے سی کو بند کرنا دفاتر میں کام کرنے والی خواتین کی ذہنی کارکردگی کو بہتر بنانے میں مدد دیتا ہے۔

تحقیق کے مطابق کمرے کا درجہ حرارت زیادہ ہونے پر خواتین ریاضی اور زبانی ٹیسٹوں میں زیادہ بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرتی ہیں۔

مگر مردوں کے معاملے میں ایسا نہیں بلکہ وہ سرد ماحول میں بھی اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہیں۔

محققین کا کہنا تھا کہ یہ پہلی تحقیق ہے جس میں مردوں اور خواتین پر درجہ حرارت سے ذہنی کارکردگی پر مرتب ہونے والے اثرات کا جائزہ لیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ ایسی سائنسی وجوہات موجود ہیں جس سے معلوم ہوتا ہے کہ آخر مردوں اور خواتین کے درمیان اے سی کا درجہ حرارت بڑھانے یا کم کرنے کے معاملے پر جنگ کیوں جاری رہتی ہے۔

اس سے قبل یوٹاہ یونیورسٹی کی تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ خواتین کے ہاتھ اور پیر مردوں کے مقابلے میں جلد ٹھنڈے ہوجاتے ہیں۔

اسی طرح میری لینڈ یونیورسٹی کی تحقیق میں بتایا گیا تھا کہ مردوں کا میٹابولک ریٹ خواتین کے مقابلے میں 23 فیصد زیادہ ہوتا ہے یعنی خواتین کے جسم مردوں کے جسم کے مقابلے جلد سردی سے متاثر ہوجاتے ہیں۔

اس نئی تحقیق میں محققین نے 500 طالبعلموں کی خدمات حاصل کیں اور ان پر اے سی کے اثرات کا جائزہ ستمبر 2017 سے دسمبر 2017 کے درمیان لیا گیا۔

ان رضاکاروں سے منطق، ریاضی اور زبانی ٹیسٹ ایسے کمرے میں لیے گئے جہاں کا درجہ حرارت 16 سینٹی گریڈ سے 32 سینٹی گریڈ کے درمیان تھا۔

نتائج سے معلوم ہوا کہ جب کمرے کا درجہ حرارت گرم ہوا تو طالبات نے زیادہ بہتر نتائج کا مظاہرہ کیا اور نہ صرف زیادہ سوالات کے جوابات درست دیئے بلکہ زیادہ جواب جمع کرائے۔

اس کے مقابلے میں مردوں نے سرد درجہ حرارت میں بھی اچھی کارکردگی کا مظاہر کیا مگر جب درجہ حرارت بڑھایا گیا تو ان کی کارکردگی پر منفی اثرات مرتب ہوئے۔

اس تحقیق کے نتائج جریدے پلوس ون میں شائع ہوئے۔

تبصرے (0) بند ہیں