کیا آپ تصور کرسکتے ہیں کہ آپ کا کوئی بچہ باہر خریداری کررہا ہو اور اس کی وجہ سے آپ فضائی پرواز کو تاخیر کا شکار کرادیں؟

ایسا انوکھا واقعہ تھائی لینڈ میں پیش آیا۔

جی ہاں بینکاک کے ائیرپورٹ پر ایک پرواز صرف اس لیے تاخیر کا شکار ہوگئی کیونکہ ایک مسافر نے ایرو برج گرا کر اسے ٹیک آف ہونے سے روک دیا۔

بینکاک پوسٹ کے مطابق شنگھائی جانے والی پرواز 9C8892 میں 160 مسافر سوار تھے اور ٹیک آف سے قبل ایک خاتون نے مطالبہ کیا کہ طیارے کو اس کی بیٹی کے لیے روکا جائے جو اس وقت بھی ائیرپورٹ کی ڈیوٹی فری شاپ پر شاپنگ کررہی ہے۔

اس واقعے کی ویڈیو بھی انٹرنیٹ پر وائرل ہوگئی جو ایک مسافر نے چینی ویڈیو پلیٹ فارم ڈویون میں پوسٹ کی جبکہ بعد میں یوٹیوب پر بھی اپ لوڈ ہوگئی۔

اس ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک فلائٹ انٹینڈنٹ پریشان مسافروں کے سامنے صورتحال کی وضاحت کرنے کی کوشش کررہا ہے، جن میں سے کچھ سوال کررہے ہیں کہ فضائی کمپنی اس معاملے کو کیسے ہینڈل کررہی ہے۔

ویڈیو میں ایک جگہ کسی کو ایروبرج پر بیٹھا دیکھا جاسکتا ہے جبکہ عملے کا ایک فرد اس کے پاس کھڑا ہے۔

یہ پرواز اس وقت ہی روانہ ہوسکی جب ماں اور بیٹی کو دوسری پرواز میں جانے کے لیے راضی نہیں کرلیا گیا اور متاثرہ پرواز شیڈول سے ایک گھنٹے تاخیر سے شنگھائی پہنچی۔

اسپرنگ ائیرلائنز نے اس واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بیان جاری کیا کہ ایک جذباتی مسافر کا دعویٰ تھا کہ اس کی بیٹی کو ائیرپورٹ پولیس نے طلب کیا ہے اور پرواز کو اس کی واپسی کا انتظار کرنا چاہیے۔

فضائی کمپنی نے اس رویے کو غیرمہذب قرار دیتے ہوئے کہا کہ مسافر نے کیبن منیجر کو دروازہ بند کرنے سے روکنے کی بھی کوشش کی۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں