نوشین شاہ کا نیا ڈرامہ کم عمری کی شادی کے مسائل پر مبنی

یہ ڈرامہ اے آر وائے پر نشر کیا جائے گا —فوٹو/ اسکرین شاٹ
یہ ڈرامہ اے آر وائے پر نشر کیا جائے گا —فوٹو/ اسکرین شاٹ

پاکستان کی نامور اداکارہ نوشین شاہ بہت جلد اپنے نئے پروجیکٹ کے ساتھ اسکرین پر نظر آئیں گی، جس کی کہانی ایک سنجیدہ موضوع پر مبنی ہے۔

اداکارہ کا نیا ڈرامہ کم عمری کی شادی کے مسائل کی عکاسی کرے گا۔

نوشین نے ڈان سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ وہ سمینا ہمایوں اور ثنا شاہ نواز کی پروڈکشن میں بننے والے ڈرامے 'ٹوٹے تارے' میں کام کررہی ہیں، جس کی کہانی چائلڈ لیبر اور کم عمر کی لڑکی کی شادی کرانے کی کہانی پر مبنی ہے۔

اس ڈرامے کی ہدایات شاہد شفاعت دے رہے ہیں، جس کی نشریات اے آر وائے پر ہوگی۔

View this post on Instagram

#nausheenshah ✨

A post shared by NausheenShah (@nausheenshah4) on

اداکارہ نے اپنے ڈرامے کے حوالے سے بتایا کہ 'جب نوجوان لڑکیوں کی شادی کردی جاتی ہے تو وہ اس وقت اپنا خیال نہیں رکھ سکتی اپنے بچوں کا خیال کیسے رکھیں گی'۔

نوشین کا کہنا تھا کہ 'اس ڈرامے کی کہانی کا آغاز میرے کردار سے ہوگا جس کی شادی بہت کم عمر میں ایک بڑی عمر کے شخص سے کرادی جاتی ہے، جو صرف اپنی نسل کو آگے بڑھانے کا خواہش مند ہے، بدقسمتی سے اس کردار کا انتقال اس کے بچے کی پیدائش کے وقت ہوجاتا ہے، جس کے بعد اس کہانی کو نیلم منیر کا کردار آگے لے کر جائے گا'۔

نیلم منیر اس ڈرامے میں نوشین شاہ کی چھوٹی بہن کا کردار نبھاتی نظر آئیں گی۔

نوشین نے اس دوران اس بات پر بھی زور دیا کہ نوجوان لڑکیوں کی شادی سے زیادہ ضروری تعلیم ہے۔

اداکارہ کے مطابق 'اس ڈرامے کو بنانے کا مقصد یہی ہے کہ نوجوان لڑکیوں کی کم عمر میں شادی نہ کی جائے، انہیں تعلیم حاصل کرنے کا موقع دیا جائے، تاکہ وہ اپنے پیروں پر کھڑی ہوسکیں'۔

انہوں نے یہ بھی بتایا کہ اس سنگین مسئلے پر بات ضروری ہے، کیوں کہ معاشرے میں کئی نوجوان لڑکیاں اس کی وجہ سے متاثر ہورہی ہیں۔

اداکارہ اس ڈرامے کے علاوہ کئی اور پروجیکٹس پر بھی کام کررہی ہیں، جن میں سے ایک ڈرامہ 'دیوار شب' ہے جس کی ہدایات اقبال حسین دیں گے، اس کے علاوہ بہت جلد وہ فیصل قریشی کے ساتھ بھی ایک رومانوی ڈرامے میں کام کرتی نظر آئیں گی۔

تبصرے (0) بند ہیں