'اگر زندہ رہا تو دوبارہ موٹر سائیکل نہیں چلاؤں گا'

جارج کلونی نے ایک سال بعد موٹرسائیکل حادثے پر بات کی —فوٹو/ اسکرین شاٹ
جارج کلونی نے ایک سال بعد موٹرسائیکل حادثے پر بات کی —فوٹو/ اسکرین شاٹ

ہولی وڈ اداکار اور فلم ساز چارج کلونی گزشتہ سال اٹلی میں ایک ٹریفک حادثے میں اس بری طرح زخمی ہوئے تھے کہ وہ آج بھی اس کے بارے میں سوچ کر خوف زدہ ہوجاتے ہیں۔

ہولی وڈ رپورٹر سے بات کرتے ہوئے جارج کلونی کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ 'اگر ہمیں 9 زندگیاں ملتی تو میں نے وہ ساری اس ایک لمحے میں جی لی تھیں، اس حادثے کے بعد میں نے موٹرسائیکل چلانا چھوڑ دی'۔

جارج کلونی نے مزید بتایا کہ 'میں تیز رفتار موٹرسائیکل ہر تھا جب ایک گاڑی سے ٹکرایا، میری ہیلمٹ دو ٹکڑوں میں تقسیم ہوگئی تھی، یہ حادثہ بہت بھیانک تھا'۔

مزید پڑھیں: جارج اور امل کلونی میں اختلافات، نوبت طلاق تک پہنچ گئی؟

آسکر ایوارڈ یافتہ اداکارہ کے مطابق انہیں اس وقت ایسا محسوس ہوا تھا جیسے اس حادثے میں ان کی گردن کی ہڈی ٹوٹ گئی کیوں کہ ان کا سر گاڑی کے سامنے لگے شیشے سے ٹکرایا تھا۔

اس موقع پر جارج کلونی کے ہمراہ پروڈیوسر گرینٹ ہیزلی بھی موجود تھے جو گزشتہ سال حادثے کے وقت سب سے پہلے جارج کلونی کے پاس پہنچے تھے۔

گرینٹ نے اس حادثے کو یاد کرتے ہوئے بتایا کہ 'جارج زخمی حالت میں میرے ساتھ تھے جب میں سڑک پر ایمبیولنس کا انتظار کررہا تھا، اس دوران میں نے خود سے کہا اگر جارج زندہ بچ گئے تو میں کبھی موٹر سائیکل نہیں چلاؤں گا'۔

جس پر جارج کلونی نے بھی کہا کہ 'میں نے بھی سوچا تھا کہ اگر زندہ رہا تو دوبارہ موٹر سائیکل نہیں چلاؤں گا'

جبکہ اداکار نے مزاحیہ انداز میں یہ بھی کہا کہ گرینٹ کے ساتھ 40 سال تک موٹرسائیکل چلانے کے بعد اب ہم دونوں نے ہی موٹر سائیکل چلانا چھوڑ دی۔

خیال رہے کہ یہ حادثہ گزشتہ سال جولائی میں ہوا تھا، جب جارج کلونی 90 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے موٹر سائیکل چلا رہے تھے، اس دوران ایک گاڑی ان کے سامنے آگئی جس کے بعد یہ حادثہ پیش آیا۔

تبصرے (0) بند ہیں