نریندر مودی کی زندگی پر بنی فلم ریلیز

اپ ڈیٹ 25 مئ 2019
فلم کی ٹیم پر حقائق کو توڑ مروڑ کر پیش کرنے کا الزام ہے—اسکرین شاٹ
فلم کی ٹیم پر حقائق کو توڑ مروڑ کر پیش کرنے کا الزام ہے—اسکرین شاٹ

بھارت میں لوک سبھا یعنی ایوان زیریں کے انتخابات ختم ہوتے ہی وزیر اعظم نریندر مودی کی زندگی پر بنائی گئی فلم کو ریلیز کردیا گیا۔

ابتدائی طور پر بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کی زندگی پر بنائی گئی فلم ’پی ایم نریندر مودی‘ کو بھارتی انتخابات سے کچھ دن قبل 5 اپریل کو ریلیز کیا جانا تھا۔

تاہم حریف سیاسی جماعتوں کی جانب سے تنقید کیے جانے کے بعد بھارتی الیکشن کمیشن کے حکم کے بعد فلم کی نمائش ملتوی کردی گئی تھی۔

نمائش مؤخر کرنے کے بعد فلم کی ٹیم نے اعلان کیا تھا کہ اسے انتخابات کے ختم ہوتے ہی ریلیز کردیا گیا جائے گا۔

فلم کی ٹیم نے ’پی ایم نریندر مودی‘ کو 24 مئی کو ریلیز کرنے کا اعلان کیا تھا اور اب اسے بھارت بھر میں ریلیز کردیا گیا۔

وویک اوبرائے نے نریندر مودی کا کردار ادا کیا ہے—اسکرین شاٹ
وویک اوبرائے نے نریندر مودی کا کردار ادا کیا ہے—اسکرین شاٹ

انڈیا ٹوڈے کے مطابق ’پی ایم نریندر مودی‘ کو 24 مئی کو بھارت بھر کی سینماؤں میں پیش کردیا گیا اور خیال کیا جا رہا ہے کہ بھارتی جنتا پارٹی (بی جے پی) کی شاندار کامیابی کے بعد فلم اچھی کمائی کرنے میں کامیاب جائے گی۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ ابتدائی طور پر فلم نے ریلیز کے پہلے دن 5 کروڑ کے لگ بھگ کی رقم بٹوری جو اتنی اچھی کمائی نہیں، تاہم امکان ہے کہ فلم شائقین کی توجہ حاصل کرنے میں کامیاب جائے گی۔

تاہم دوسری جانب فلمی تجزیہ نگاروں کا کہنا ہے کہ انتخابات میں بی جے پی کی جیت کے بعد فلم کی اہمیت کم ہوگئی اور اب نریندر مودی کے دوبارہ وزیر اعظم بننے کے لیے راہ ہموار ہونے کے بعد اسے لوگ کم دیکھیں گے۔

ہدایت کار اومنگ کمار کی اس فلم میں نریندر مودی کا کردار وویک اوبرائے نے ادا کیا ہے جب کہ فلم کی دیگر کاسٹ میں بومن ایرانی، منوج جوشی، زرینا وہاب اور برکھا سنگپتا سمیت دیگر کاسٹ شامل ہے۔

فلم نے پہلے دن 5 کروڑ روپے تک کی کمائی کی—پرومو فوٹو
فلم نے پہلے دن 5 کروڑ روپے تک کی کمائی کی—پرومو فوٹو

پی ایم مودی کا ٹریلر مارچ میں ریلیز کیا گیا تھا جس پر کئی لوگوں نے اعتراضات کیے گئے تھے اور فلم کی ٹیم پر حقائق کو توڑ مروڑ کر پیش کرنے کے الزامات عائد کیے گئے۔

ٹریلر دیکھ کر اندازا ہوتا ہے کہ فلم میں کئی بڑے اور ہولناک حقائق کو غلط انداز میں پیش کرکے نریندر مودی کو ایک صاف اور سچا سیاستدان دکھانے کی کوشش کی گئی ہے۔

فلم کے ٹریلر کے آغاز میں نریندر مودی کی جانب سے مقبوضہ کشمیر کو ٹکڑے کرنے اور وہاں ظلم و زیادتی سے متعلق ان کے عزائم کو دکھایا گیا ہے۔

ساتھ ہی ٹریلر میں نریندر مودی کی جانب ریاست گجرات میں کیے جانے والے مسلمانوں کے قتل عام کو بھی غلط انداز میں پیش کیے جانے عندیہ ملتا ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں