نیپال میں بم دھماکے، 4 افراد ہلاک، 7 زخمی

اپ ڈیٹ 27 مئ 2019
نیپال میں 3 علیحدہ مقامات پر بم دھماکے ہوئے — فوٹو/اے پی
نیپال میں 3 علیحدہ مقامات پر بم دھماکے ہوئے — فوٹو/اے پی

نیپال کے دارالحکومت کاٹھمنڈو میں 3 بم دھماکوں میں 4 افراد ہلاک اور 7 زخمی ہوگئے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق تاحال دھماکے کی ذمہ داری کسی تنظیم نے قبول نہیں کی تاہم پولیس نے دھماکے میں ماؤ باغیوں کے ملوث ہونے کا شبہ ظاہر کیا کردیا۔

پولیس کے مطابق دھماکے کا نشانہ بننے والے ایک گھر سے ماؤ باغیوں کا پیمفلٹ ملا ہے۔

مزید پڑھیں: عراق میں خودکش بم دھماکا، 11 افراد ہلاک

مقامی میڈیا کے مطابق ایک دکان میں ہونے والے زور دار دھماکے سے 3 افراد ہلاک اور 4 زخمی ہوئے جبکہ محض 4 کلومیٹر کے فاصلے پر ایک اور گھر میں ہونے والے دھماکے سے 1 شخص ہلاک اور ایک زخمی ہوا۔

علاوہ ازیں کاٹھمنڈو کے نواحی علاقے میں موٹرسائیکل پر بم پھٹنے سے 2 افراد زخمی ہوئے۔

پولیس کے مطابق سیکیورٹی اہلکاروں نے دیگر علاقوں میں بم ناکارہ بنا دیے۔

یہ بھی پڑھیں: سری لنکا میں چرچ کے قریب ایک اور دھماکا

پولیس ترجمان بشوا راج کا کہنا تھا کہ 'معاملے کی تحقیقات جاری ہے اور علاقے میں سیکیورٹی کو بڑھادیا گیا ہے'۔

ان کے مطابق دھماکے کے الزام میں مشتبہ 7 افراد کو حراست میں لیا گیا۔

سانحہ ایسے وقت میں سامنے آیا جب ماؤ باغی گروہ نے گزشتہ ہفتے ہونے والے پولیس انکاؤنٹر پر ملک گیر ہڑتال کا اعلان کر رکھا تھا۔

واضح رہے کہ نیپال میں دہائی تک خانہ جنگی رہی ہے تاہم 2006 میں امن معاہدہ کیا گیا تھا۔

تاہم چند سابق جنگجوؤں نے اپنے رہنماؤں پر اصل انقلابی نظریے سے غداری کرنے کا الزام لگاتے ہوئے معاہدے کی خلاف ورزی جاری رکھی تھی۔

تبصرے (0) بند ہیں