بلوچستان: دور دراز علاقوں میں ڈاکٹرز کی بھرتی کیلئے ایک ارب روپے جاری

اپ ڈیٹ 27 مئ 2019
محکمہ صحت کی جانب سے 4 سو 87 ڈاکٹرز اور نرسز کو کانٹریکٹ پر رکھا گیا ہے — فائل فوٹو/اے ایف پی
محکمہ صحت کی جانب سے 4 سو 87 ڈاکٹرز اور نرسز کو کانٹریکٹ پر رکھا گیا ہے — فائل فوٹو/اے ایف پی

کوئٹہ: حکومت بلوچستان نے صوبائی محکمہ صحت کو دور دراز علاقوں میں سرکاری ہسپتالوں کے لیے نئی مشینری و آلات کی خریداری اور ڈاکٹرز کی بھرتیوں کے لیے ایک ارب روپے جاری کر دیے۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان الیانی نے محکمہ صحت کے حکام کو ہدایت کی ہے کہ وہ صوبے کے دور دراز علاقوں میں صحت کی سہولیات میں بہتری کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کریں۔

پہلے مرحلے میں سیکریٹری صحت حافظ عبدالمجید 35 اسپیشلسٹ ڈاکٹرز کا تقرر کریں گے جو 2 برس کے معاہدے پر ہوگی اور یہ تمام ڈاکٹر ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتالوں میں اپنی خدمات انجام دیں گے۔

مزید پڑھیں: بلوچستان میں صحت کی بنیادی سہولیات کا فقدان

جن ڈاکٹرز کا تقرر کیا جائے گا، ان میں امراض قلب، اطفال، آنکھوں، جِلد، آرتھوپیڈک، سرجری، الٹراساؤنڈ، ای این ٹی اور لیبارٹری وغیرہ کے اسپیشلسٹ شامل ہوں گے۔

یہ تمام ڈاکٹرز گوادر، مستونگ، خاران، لسبیلہ، پشین، چاغی، تربت، چمن، پنجگور، لورالائی، خضدار، حب، ڈیرہ بگٹی، سبی، جعفر آباد، ژوب، قلعہ سیف اللہ اور ڈیرہ مراد جمالی میں اپنے فرائض انجام دیں گے۔

سب سے پہلے ژوب، قلات، نوشکی اور چاغی میں اسپیشلسٹ ڈاکٹرز تعینات کردیے جائیں گے۔

اس کے علاوہ حکومت نے ہسپتالوں میں عملے کی کمی کو پورا کرنے کے لیے ڈاکٹرز، نرسز اور دیگر پیرامیڈیکل اسٹاف کا تقرر پہلے ہی کرلیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: بلوچستان توجہ چاہتا ہے

محکمہ صحت کی جانب سے 4 سو 87 ڈاکٹرز اور نرسز کو کانٹریکٹ پر رکھا گیا ہے جس میں ایک سو 68 میڈیکل افسران، ایک سو 32 لیڈی ڈاکٹرز، 46 ڈینٹل سرجنز اور ایک سو 41 نرسز شامل ہیں۔

تاہم اسپیشلسٹ ڈاکٹرز کے تقرر کے بعد مذکورہ علاقوں میں صحت کی سہولیات میں مزید بہتری آئے گی۔

ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال کا کہنا تھا کہ مزید ایک سو 50 ڈاکٹرز کا تقرر کیا جائے گا جن میں 50 میڈیکل افسران، 50 لیڈی میڈیکل افسران اور 50 نرسز شامل ہیں۔

ڈاکٹرز اور نرسز کی تقرری کے ساتھ ساتھ مشینری اور آلات خریدنے کے اقدامات کیے جائیں گے۔


یہ خبر 27 مئی 2019 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں