چیئرمین نیب کی متنازع ویڈیو، مسلم لیگ کا ایوان میں تحریک پیش کرنے کا ارادہ

اپ ڈیٹ 27 مئ 2019
سینئر سیاستدان کے مطابق دونوں جماعتوں کے رہنما اجلاس سے قبل ملاقات کریں گے تو اس معاملے پر بات چیت ہوسکتی ہے — فائل فوٹو/اے پی پی
سینئر سیاستدان کے مطابق دونوں جماعتوں کے رہنما اجلاس سے قبل ملاقات کریں گے تو اس معاملے پر بات چیت ہوسکتی ہے — فائل فوٹو/اے پی پی

اسلام آباد: مرکزی اپوزیشن جماعت مسلم لیگ (ن)، چیئرمین نیب کی متنازع **ویڈیو اور آڈیو کی تحقیقات کی غرض سے پارلیمانی کمیٹی کی تشکیل کے لیے پیر کے روز (آج) ہونے والے قومی اسمبلی کے اجلاس میں تحریک لانے کا ارادہ رکھتی ہے۔**

مسلم لیگ (ن) کے اندرونی ذرائع کا کہنا تھا پارٹی دیگر اپوزیشن جماعتوں کو اجلاس سے قبل اعتماد میں لے گی، کیوں کہ ایوان میں تحریک لانے کی صورت میں مذکورہ معاملے کا فیصلہ ووٹ کے ذریعے کیا جائے گا جس پر تحریک انصاف کے اتحادیوں کی جانب سے مخالفت کا امکان ہے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق اس بارے میں گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کی سیکریٹری اطلاعات مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ کیونکہ قومی اسمبلی سیکریٹریٹ اجلاس کا ایجنڈا پہلے ہی جاری کرچکا ہے اس لیے پارٹی اراکین اسپیکر اسمبلی پر اس تحریک کو پیش کرنے کی اجازت دینے کے لیے زور ڈالیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: چیئرمین نیب کا معاملہ، مسلم لیگ (ن) تقسیم

ان کا کہنا تھا کہ اگر اسپیکر اسمبلی اجازت دے دیں گے تو ان کی پارٹی کے پارلیمانی رہنما خواجہ آصف یہ تحریک پیش کریں گے، اس کے ساتھ خواجہ آصف اسپیکر کو ایک باضابطہ خط بھی لکھیں گے جس میں ان سے چیئرمین نیب کے معاملے کی تحقیقات کے لیے پارلیمانی کمیٹی کی تشکیل کی اجازت طلب کی جائے گی۔

جہاں ایک جانب دونوں بڑی اپوزیشن جماعتوں مسلم لیگ (ن) اور پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) اس معاملے کی تحقیقات چاہتی ہیں، وہیں تحقیقات کے طریقہ کار پر دونوں میں اختلاف پایا جاتا ہے۔

اس کے علاوہ دونوں جماعتوں میں چیئرمین نیب کے استعفے کے حوالے سے بھی اتفاق نہیں ہے کیوں کہ پی پی پی ان سے تحقیقات ہوجانے تک مستعفی ہونے کا مطالبہ کررہی ہے تو وہیں مسلم لیگ (ن) نے اب تک ایسا کوئی مطالبہ نہیں کیا۔

یہ بھی دیکھیں: چیئرمین نیب سے ملاقات کے معاملے پر شہباز شریف کی وضاحت

اس ضمن میں جب پیپلز پارٹی سے رابطہ کیا گیا تو قومی اسمبلی میں پی پی پی کے پارلیمانی لیڈر سید نوید قمر کا کہنا تھا کہ اب تک ان کی پارٹی نے مسلم لیگ (ن) کے منصوبے کے حوالے سے کوئی حکمتِ عملی نہیں بنائی۔

تاہم ان کا کہنا تھا کہ دونوں جماعتوں کے رہنما اجلاس سے قبل ملاقات کریں گے تو اس معاملے پر بات چیت ہوسکتی ہے۔

ایک سوال کے جواب میں ان کا مزید کہنا تھا کہ اگر پی پی پی نے اس معاملے پر مسلم لیگ (ن) کی تحریک کی مخالفت کی تو بھی پی پی پی ایوان میں تحریک انصاف کی حمایت کرے گی۔

یہ بھی پڑھیں: چیئرمین نیب سمیت متعدد افراد کو 'بلیک میل کرنے والے گروہ' کے خلاف ریفرنس دائر

ان کا مزید کہنا تھا کہ پی پی پی کا موقف اس معاملے میں بہت واضح ہے کہ نیب چیئرمین کی متنازع آڈیو ویڈیو لیک کے پیچھے تحریک انصاف ہے جو انہیں دباؤ میں لانا چاہتی ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں