چینی نائب صدر کی پنجاب حکومت کو معاشی تعاون کی پیشکش

28 مئ 2019
وانگ کی شن نے لاہور آمد پر خوشی کا اظہار کیا — فوٹو: اے پی پی
وانگ کی شن نے لاہور آمد پر خوشی کا اظہار کیا — فوٹو: اے پی پی

لاہو ر/ٹیکسلا: چینی نائب صدر وانگ کی شن نے صوبہ پنجاب کی حکومت کو چین کے بڑے صوبوں کے ساتھ معاشی تعاون کی پیشکش کردی۔

گزشتہ روز وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار اور صوبائی وزرا ہاشم جوان بخت اور میاں اسلم اقبال نے لاہور ایئر پورٹ پر چینی نائب صدر کا استقبال کیا۔

اس موقع پر چینی سفیر یاؤ جنگ اور قونصل جنرل لانگ ڈنگ بن بھی موجود تھے، وانگ کی شن نے لاہور آمد پر خوشی کا اظہار کیا۔

اس موقع پر وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ ان کی حکومت صنعتی زون کے فروغ کی کوششیں کررہی ہے، اس سلسلے میں پنجاب کے سرمایہ کاروں کو کئی سہولتیں فراہم کی گئی ہیں۔

مزید پڑھیں: صدر مملکت نے چینی نائب صدر کو نشان پاکستان عطا کردیا

انہوں نے کہا کہ چین کے ساتھ معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں کی مدد سے ترقی اور خوشحالی کے ایک نئے باب کا آغاز ہوگا۔

بعد ازاں چینی نائب صدر نے ہائر اکنامک زون کا دورہ کیا جہاں انہیں اس حوالے سے بریفنگ دی گئی۔

گورنر پنجاب سرور چوہدری نے گورنر ہاؤس میں چینی صدر کے لیے عشائیے کا اہتمام کیا، وزیراعلیٰ عثمان بزدار، اسپیکر پنجاب اسمبلی پرویز الٰہی، وفاقی وزیر خسرو بختیار اور صوبائی وزیر اطلاعات صمصام بخاری بھی شریک تھے۔

عشائیے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر پنجاب نے کہا کہ پاک-چین دوستی امن، باہمی امور اور ثقافت پر مبنی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب کی آبادی کا بڑا حصہ نوجوانوں پر مشتمل ہے، اس وجہ سے ٹیکسٹائل، زراعت اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں ملازمت کے نئے مواقع پیدا کرنے کی ضرورت ہے۔

یہ بھی پڑھیں: چین کے لیے پاکستانی برآمدات دگنی ہوجائیں گی، مشیر تجارت

انہوں نے دنیا کی تیز ترین معاشی ترقی اور بیلٹ اینڈ روڈ منصوبے پر چین کے نائب صدر کو مبارکباد دی، یہ روڈ گلوبلائزیشن کے نئے دور کا آغاز کرے گا جس میں 122 ممالک روڈ، ریل، ہوا اور سمندر کے ذریعے ایک دوسرے سے منسلک ہوں گے۔

چوہدری سرور نے کہا کہ پاک-چین اقتصادی راہداری (سی پیک) منصوبے کے ذریعے پاکستان اور دیگر ایشیائی مارکیٹوں میں برآمدات کے مواقع اور پاکستان میں ملازمت کے نئے مواقع ہوں گے۔

اس سے قبل چینی نائب صدر نے ٹیکسلا میں عجائب گھر کا دورہ کیا تھا جہاں بدھ مت تہذیب کے نواردات موجود تھے۔

عجائب خانے کے منتظم محمد ناصر خان نے چینی مہمان گندھارا، مختلف مجسموں اور دیگر نواردات سے متعلق بریفنگ دی۔

انہوں نے بتایا کہ گندھارا بدھ مت کا دوسرا مقدس مقام تھا جہاں سے بدھ مت پوری دنیا میں پھیلا۔


یہ خبر 28 مئی 2019 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں