ملائیشیا میں پھنسے 320 پاکستانیوں کیلئے خصوصی پرواز بھیجنے کا فیصلہ

اپ ڈیٹ 30 مئ 2019
وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر پاکستانیوں کی واپسی کے لیے اقدامات کیے گیے—فائل فوٹو: ڈان نیوز
وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر پاکستانیوں کی واپسی کے لیے اقدامات کیے گیے—فائل فوٹو: ڈان نیوز

قومی ایئر لائن (پی آئی اے) کے ترجمان نے کہا ہے کہ ملائیشیا کی مختلف جیلوں میں سزا مکمل کرنے والے 320 پاکستانیوں کی وطن واپسی کے لیے خصوصی فلائٹس چلائی جائیں گی۔

ترجمان پی آئی اے مسعود تاجور نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر پاکستانیوں کی واپسی کے لیے اقدامات کیے جارہے ہیں۔

مزید پڑھیں: پی آئی اے کے چیف ایگزیکٹو آفیسر اور دیگر کے وارنٹ گرفتاری معطل

انہوں نے بتایا کہ ملائیشیا اور پاکستان کے مابین راہ راست فلائٹس فروری 2019 میں منسوخ ہوئیں جس کے باعث کئی سو پاکستانی ملائیشیا میں پھنس گئے تھے۔

اس حوالے سے بتایا گیا کہ ملائیشیا کی جیلوں میں بیشتر پاکستانیوں کو زائد المعیاد ویزا رکھنے پر سزائیں ہوئی تھیں۔

علاوہ ازیں پی آئی اے کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ایئر مارشل ارشد ملک نے پاکستانیوں کی واپسی کے لیے بوئنگ 777 طیارے کی منظوری دے دی۔

یہ بھی پڑھیں: پی آئی اے نے افسران کیلئے پروٹوکول اور خصوصی انتظامات کا خاتمہ کردیا

اس ضمن میں سی ای او پی آئی اے نے کہا کہ ’ہم چاہتے ہیں کہ ہمارے پاکستانی بھائی اپنے ملک میں اہلخانہ کے ہمراہ عید الفطر کی خوشیوں سے لطف اندوز ہوں‘۔

ترجمان پی آئی اے نے بتایا کہ ’فلائٹ پی کے 9894 اسلام آباد سے 29 مئی کو رات ڈھائی بجے ملائیشیا کے لیے روانہ ہوگی جبکہ اسی دن رات ساڑھے نوبجے واپس اسلام آباد پہنچے گی۔

مزیدپڑھیں: پی آئی اے کے 5 پائلٹس میٹرک پاس تک نہیں، سی اے اے کا انکشاف

واضح رہے کہ رواں ماہ 18 مئی کو متحدہ عرب امارات نے صدر شیخ خلیفہ بن زید النہیان کی جانب سے رمضان میں معافی دیئے جانے کے تحت 572 پاکستانی قیدیوں کو رہا کیا تھا۔

گلف نیوز کی رپورٹ میں پاکستانی دفتر خارجہ کے حوالے سے کہا گیا تھا کہ 262 پاکستانی قیدیوں کو ابوظہبی اور العین، 177 کو دبئی، 52 کو شارجہ، 16 کو فُجیرہ اور 65 کو عَجمان کی جیلوں سے رہا کیا گیا۔

دفتر خارجہ کے ترجمان ڈاکٹر محمد فیصل نے اپنی ہفتہ وار بریفنگ کے دوران کہا تھا کہ پاکستانی حکام، شہریوں کی وطن واپسی کے عمل کو بہتر بنانے کے لیے اماراتی حکومت سے رابطے میں ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ 'قیدیوں کی رہائی اور ان کی واپسی کے عمل کو تیز کرنے کے لیے پاکستان، مقامی حکام سے مستقل رابطے میں ہے اور آؤٹ پاسز، پاسپورٹ اور فضائی ٹکٹس کے اجرا سمیت تمام معاملات میں ضروری معاونت فراہم کر رہا ہے۔'

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں