پی سی بی کا ٹیسٹ سیریز پاکستان میں کھیلنے کیلئے سری لنکن بورڈ سے رابطہ

29 مئ 2019
اگر پی سی بی کا یہ اقدام حقیقت بن جاتا ہے تو پاکستانی شائقین ٹیسٹ کرکٹ کو بھی اپنے ملک میں ہوتا دیکھیں گے۔ — فائل فوٹو: اے پی
اگر پی سی بی کا یہ اقدام حقیقت بن جاتا ہے تو پاکستانی شائقین ٹیسٹ کرکٹ کو بھی اپنے ملک میں ہوتا دیکھیں گے۔ — فائل فوٹو: اے پی

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے سری لنکا کے خلاف اپنی ٹیسٹ سیریز پاکستان میں کھیلنے کے لیے سری لنکن کرکٹ بورڈ سے رابطہ کرلیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پی سی بی کے منیجنگ ڈائریکٹر وسیم خان نے سری لنکن کرکٹ بورڈ سے رابطہ کرکے کہا ہے کہ وہ اپنا سیکیورٹی وفد پاکستان بھیجے جہاں اسے سیکیورٹی پر بریفنگ بھی دی جائے گی۔

اس کے علاوہ سنگاپور میں ہونے والی ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کے اجلاس کے دوران ایک علیحدہ ملاقات میں پی سی بی حکام سری لنکن کرکٹ حکام کو دعوت نامہ بھی دیں گے۔

مزید پڑھیں: پاکستان میں کرکٹ کی بحالی صحیح سمت میں گامزن ہے، ڈیوڈ رچرڈسن

واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے ملک میں کرکٹ کی بحالی کے لیے اب تک صرف ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز کا ہی انعقاد کیا ہے، تاہم اگر پی سی بی کا یہ اقدام حقیقت بن جاتا ہے تو پاکستانی شائقین ٹیسٹ کرکٹ کو بھی اپنے ملک میں ہوتا دیکھیں گے۔

خیال رہے کہ 3 مارچ 2009 کو لاہور میں سری لنکن کرکٹ ٹیم پر دہشت گردوں کے حملے کے بعد سے سیکیورٹی خطرات کے پیش نظر غیر ملکی ٹیموں نے پاکستان میں کھیلنے سے معذرت کرلی تھی۔

یہاں یہ بات قابل غور ہے جب سری لنکن ٹیم پر دہشت گرد حملہ ہوا تھا تو اس وقت پاکستان اور سری لنکا کی ٹیموں کے درمیان ٹیسٹ میچ جاری تھا اور مہمان ٹیم اس سلسلے میں صبح کے وقت بس میں قذافی اسٹیڈیم لاہور ہی آرہی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: ملک میں انٹرنیشنل ٹیسٹ کرکٹ جلد بحال ہونے کا امکان

یاد رہے کہ گزشتہ برس دسمبر میں ایشین کرکٹ کونسل نے ایشیا کپ 2020 کی میزبانی کے حقوق پاکستان کو دیے تھے جس کی تصدیق سنگاپور میں ہونے والے اے سی سی اجلاس میں کردی جائے گی۔

امید ظاہر کی جارہی ہے کہ سری لنکن ٹیم کے ساتھ ٹیسٹ سیریز اور پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 2020 کا مکمل طور پر پاکستان میں انقعاد پی سی بی کے لیے ایشیا کپ کی میزبانی میں معاون ثابت ہوں گے۔

کرکٹ کو ایشین گیمز میں شامل کر لیا گیا ہے، تاہم اے سی سی اجلاس کے دوران ایشین گیمز میں کرکٹ کی شمولیت پر اس کے تکنیکی انتظام پر بات چیت کی جائے گی۔

تبصرے (0) بند ہیں