موٹرولا نے اپنا ایک اور 'فائیو جی' ٹیکنالوجی کی صلاحیت رکھنے والا مڈرینج اسمارٹ فون موٹو زی 4 متعارف کرا دیا ہے اور کمپنی اب بھی موڈیولرز اٹیچ منٹس کی حکمت عملی کو چھوڑنے کے لیے تیار نہیں۔

موٹو زی فور گزشتہ سال کے موٹو زی 3 کا اپ ڈیٹ ورژن ہے جس کا بنیادی ڈیزائن تو گزشتہ سال جیسا ہی ہے۔

اس میں 6.4 انچ کا ٹیر ڈراپ او ایل ای ڈی ڈسپلے 19:9 ریشو کے ساتھ دیا گیا ہے۔

اس میں گزشتہ سال کے زی تھری کے مقابلے میں زیادہ بڑی 3600 ایم اے ایچ بیٹری دی گئی ہے جو کہ کمپنی کے بقول سنگل چارج پر 2 دن تک کام کرسکتی ہے جبکہ 3.5 ایم ایم ہیڈفون جیک بھی موجود ہے۔

فون میں اسنیپ ڈراگون 675 پراسیسر، 4 جی بی ریم اور 128 جی بی اسٹوریج موجود ہے جس کو مائیکرو ایس ڈی کارڈ سے بڑھایا جاسکتا ہ۔

حیران کن طور پر موٹرولا نے موٹو زی فونز کے مقابلے میں اس بار مڈرینج پراسیسر استعمال کیا گیا حالانکہ پہلے وہ کوالکوم کے فلیگ شپ 800 سیریز پراسیسرز موٹو زی سیریز کے لیے استعمال کررہی تھی۔

تاہم کیمروں کو پہلے سے بہتر بنایا گیا ہے یعنی بیک پر ڈوئل کیمرا سسٹم میں ایک کیمرا 48 میگا پکسل شوٹر جبکہ دوسرا 12 میگا پکسل سنسر دیا گیا ہے۔

کیمرا سسٹم میں نائٹ موڈ کا اضافہ بھی کیا گیا ہے جبکہ فرنٹ پر 25 میگا پکسل سیلفی کیمرا دیا گیا ہے۔

اس فون میں 5 جی موٹو موڈ کا اضافہ کرکے اسے فائیو جی نیٹ ورک پر استعمال کیا جاسکتا ہے جبکہ زی تھری کے دیگر موڈیولرز کا بھی استعمال ہوتا ہے۔

موٹو زی فور میں اینڈرائیڈ پائی آپریٹنگ سسٹم دیا گیا ہے جو کہ لگ بھگ اینڈرائیڈ کا اسٹاک ورژن ہے جس میں کمپنی نے چند اضافے کیے ہیں جیسے موٹو ایکشنز gestures۔

یہ فون امریکا میں 13 جون سے 500 ڈالرز (75 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) میں فروخت کے لیے پیش کیا جائے گا جبکہ فائیو جی موٹو موڈ 200 ڈالرز میں دستیاب ہوگا۔

تبصرے (0) بند ہیں