سڑکوں پر ہراساں کی جانے والی لڑکی کی کہانی ’ویسپا گرل‘

01 جون 2019
فلم کو عیدالفطر کے پہلے دن ہم ٹی وی پر نشر کیا جائے گا—اسکرین شاٹ
فلم کو عیدالفطر کے پہلے دن ہم ٹی وی پر نشر کیا جائے گا—اسکرین شاٹ

نجی ٹی وی چینل کی آنے والی ٹیلی فلم ’ویسپا گرل‘ میں اداکارہ عائزہ خان ایک ایسی لڑکی کا کردار ادا کرتی دکھائی دیں گی جنہیں سڑکوں پر ہراساں کیا جاتا ہے۔

ہم ٹی وی کی جانب سے تیار کی گئی ٹیلی فلم ’ویسپا گرل‘ کو عیدالفطر کے پہلے دن نشر کیا جائے گا، فلم کی کہانی پاکستانی سماج کی عکاسی کرتی ہے۔

ڈان امیجز سے بات کرتے ہوئے اداکارہ عائزہ خان نے بتایا کہ وہ فلم میں نادیہ نامی لڑکی کا کردار ادا کرتی دکھائی دیں گی جو اپنے والد کی وفات کے بعد ان کی ویسپا چلاتی دکھائی دیں گی۔

اداکارہ نے بتایا کہ فلم کی کہانی پاکستانی سماج کی عکاسی کرتی ہے، کیوں کہ جب فلم میں ایک لڑکی سڑکوں پر ویسپا چلاتی ہے تو اسے طرح طرح سے ہراساں کیا جاتا ہے اور اسے ’بدنام‘ کرنے کی کوشش کی جاتی ہے۔

عائزہ خان کے مطابق وہ فلم میں لوگوں کی جانب سے ناروا سلوک پر آواز بھی اٹھاتی دکھائی دیں گی، تاہم انہیں یہ کوشش مہنگی پڑتی ہے، کیوں کہ فلم میں کچھ لوگ سوشل میڈیا کا منفی استعمال کرکے اسے مزید بدنام کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔

اداکارہ نے اس موقع پر پاکستانی سماج میں رائج فرسودہ رسومات اور لڑکیوں کو پیش آنے والے مسائل پر بھی بات کی۔

’ویسپا گرل‘ میں عائزہ خان کے ساتھ شہزاد شیخ بھی دکھائی دیں گے، وہ فلم میں اداکارہ کے پریمی کا کردار ادا کریں گے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں