وزیراعظم کے لیے 'اژدھے' کی کھال سے چپل تیار کرنے پر دکاندار گرفتار

اپ ڈیٹ 03 جون 2019
عمران خان کے لیے خصوصی چپل اژدھے کی کھال سے تیار کی گئی تھی — فائل فوٹو/ڈان
عمران خان کے لیے خصوصی چپل اژدھے کی کھال سے تیار کی گئی تھی — فائل فوٹو/ڈان

وزیر اعظم عمران کے لیے سانپ کے چمڑے سے چپل تیار کرکے عید کا تحفہ دینے کے چچا نور الدین کے خواب کو محکمہ جنگلی حیات نے چکنا چور کردیا۔

پشاور میں مشہور چپل ساز چچا نورالدین کی دکان 'کپتان چپل میکر' پر محکمہ وائلڈ لائف نے چھاپہ مارکر عمران خان کے لیے بنائی گئی خصوصی چپل قبضے میں لے لی۔

ڈان نیوز کی رپورٹ کے مطابق عمران خان کے مداح نعمان نامی شخص نے خصوصی چپل کی تیاری کے لیے امریکا سے اژدھے کی کھال بھجوائی تھی تاکہ عمران خان کو عید کا تحفہ دیا جاسکے۔

مزید پڑھیں: شاہ رخ خان کیلئے ’پشاوری چپل‘ بنانے والا گرفتار

منفرد چپل کے سوشل میڈیا پر چرچے پر محکمہ جنگلی حیات حرکت میں آیا اور کارروائی کرتے ہوئے چپل تحویل میں لے کر لیبارٹری ٹیسٹ کے لیے لاہور بھجوادی۔

محکمہ وائلڈ لائف کا کہنا تھا کہ اژدھے کی کھال ثابت ہونے پر چپل ضبط اور دکاندار پر جرمانہ عائد کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ پاکستان میں نسل معدوم ہونے کی وجہ سے اژدھے کی کھال بیچنے اور خریدنے پر پابندی عائد ہے ۔

یہ بھی پڑھیں: عمران خان کے لیے خصوصی 'کپتان چپل' تیار

خیال رہے کہ اس سے قبل بھی چچا نور الدین نے عمران خان کے لیے خصوصی چپلیں تیار کی تھیں۔

2018 کے عام انتخابات میں تحریک انصاف کی برتری پر انہوں نے عمران خان کے لیے مختلف رنگوں کے 5 'کپتان چپل' کے جوڑے تیار کیے تھے۔

چپل ساز چچا نور الدین نے عمران خان سے حلف برداری کے دن 'کپتان چپل' پہننے کی بھی فرمائش کی تھی۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں