پیراگون ہاؤسنگ ریفرنس: خواجہ برادران کو 13 جون کو عدالت میں پیش کرنے کا حکم

اپ ڈیٹ 03 جون 2019
ملزمان کے خلاف نیب کا ریفرنس 17 فولڈرز پر مشتمل ہے — فائل فوٹو/ ڈان نیوز
ملزمان کے خلاف نیب کا ریفرنس 17 فولڈرز پر مشتمل ہے — فائل فوٹو/ ڈان نیوز

لاہور کی احتساب عدالت نے پیراگون ہاؤسنگ ریفرنس میں قید مسلم لیگ (ن) رہنما اور سابق وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق اور ان کے بھائی سلمان رفیق کو 13 جون کو عدالت میں پیش کرنے کا حکم دے دیا۔

احتساب عدالت کے جج جواد الحسن نے پیراگون ہاؤسنگ ریفرنس کی سماعت کی اور کیس کے دیگر ملزمان ندیم ضیا، عمر ضیا اور فرحان علی کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیے۔

علاوہ ازیں عدالت نے تینوں ملزمان کو گرفتار کرکے عدالت میں پیش کرنے کا حکم بھی دے دیا۔

مزید پڑھیں: خواجہ برادران کے خلاف ریفرنس دائر، کروڑوں روپے کی کرپشن کا الزام

خیال رہے کہ قومی احتساب بیورو (نیب) نے خواجہ برادران سمیت 5 ملزمان کو ریفرنس میں نامزد کیا جبکہ نیب کی جانب سے ملزمان کے خلاف 122 گواہان کو نامزد کیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ ملزمان کے خلاف نیب کا ریفرنس 17 فولڈرز پر مشتمل ہے۔

اس سے قبل 31 مئی 2019 کو نیب نے پیراگون ہاؤسنگ کیس میں مسلم لیگ (ن) کے رہنما خواجہ سعد رفیق اور ان کے بھائی خواجہ سلمان رفیق سمیت 5 ملزمان کے خلاف احتساب عدالت میں ریفرنس دائر کیا تھا۔

نیب ریفرنس میں پیراگون سوسائٹی میں سادہ لوح شہریوں سے 59 کروڑ کے فراڈ کا الزام عائد کیا گیا تھا، ریفرنس کے مطابق خواجہ برادران پیراگون سٹی میں 93.6 فیصد شیئرز کے مالک ہیں۔

نیب ریفرنس میں ملزمان کی جانب سے 50 کنال سے زائد کی سرکاری اراضی سوسائٹی میں شامل کرتے ہوئے کروڑوں روپے کے مالی فوائد حاصل کرنے کا الزام لگایا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: پیراگون ہاؤسنگ کیس: وعدہ معاف گواہ بننے پر قیصر امین بٹ کی ضمانت منظور

نیب لاہور کے مطابق خواجہ سعد رفیق نے پیراگون سٹی سے 5 کروڑ 80 لاکھ روپے مالیت کے فوائد حاصل کیے جبکہ خواجہ سلمان رفیق کی جانب سے 3 کروڑ 90 لاکھ روپے کے مالی فوائد حاصل کیے گئے۔

واضح رہے کہ دونوں ملزمان خواجہ سعد رفیق و سلمان رفیق اس وقت جوڈیشل ریمانڈ پر جیل میں ہیں۔

خواجہ برادران کی گرفتاری و ریمانڈ

واضح رہے کہ نیب نے پیراگون ہاؤسنگ سوسائٹی میں بڑے پیمانے پر خورد برد کی تحقیقات کا آغاز گذشتہ برس نومبر میں کیا تھا، اس حوالے سے کہا گیا تھا کہ مذکورہ سوسائٹی خواجہ سعد رفیق کی ہے جبکہ انہوں نے عدالت عظمیٰ میں سوسائٹی سے لاتعلقی کا اظہار کیا تھا۔

پیراگون سٹی کی ذیلی کمپنی بسم اللہ انجینئرنگ کے مالک شاہد شفیق کو جعلی دستاویزات کی بنیاد پر آشیانہ ہاؤسنگ اسکیم کا ٹھیکہ لینے کے الزام میں 24 فروری کو نیب نے گرفتار کیا گیا تھا۔

اس کے علاوہ یہ بات بھی سامنے آئی تھی کہ بسم اللہ انجینئرنگ کمپنی کی نااہلی کی وجہ سے حکومت کو 100 کروڑ روپے کا نقصان ہوا۔

مزید پڑھیں: پیراگون ہاؤسنگ اسکینڈل: نیب نے خواجہ برادران کو گرفتار کرلیا

11 دسمبر 2018 کو نیب نے پیراگون ہاؤسنگ اسکینڈل میں خواجہ برادران، خواجہ سعد رفیق اور خواجہ سلمان رفیق، کو ضمانت مسترد ہونے پر لاہور ہائیکورٹ سے حراست میں لے لیا تھا، خواجہ برداران نے پیراگون ہاؤسنگ اسکینڈل میں قبل ازگرفتاری ضمانت میں متعدد مرتبہ توسیع حاصل کی تھی۔

نیب نے دوسرے ہی روز خواجہ برادران کو لاہور کی احتساب عدالت میں پیش کیا تھا، جہاں عدالت نے خواجہ سعد رفیق اور سلمان رفیق کو 10 روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کردیا تھا، بعد ازاں اس میں متعدد مرتبہ توسیع کی گئی اور 2 فروری 2019 کو انہیں جیل بھیج دیا گیا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں