سام سنگ گلیکسی نوٹ 10 دوسروں سے کتنا مختلف ہوگا؟

03 جون 2019
گلیکسی نوٹ 10 کا کانسیپٹ ڈیزائن — فوٹو بشکریہ فوربس
گلیکسی نوٹ 10 کا کانسیپٹ ڈیزائن — فوٹو بشکریہ فوربس

سام سنگ کے نئے فلیگ شپ فون گلیکسی نوٹ 10 کو دو سے 3 ماہ بعد متعارف کرایا جائے گا مگر اس کے بارے میں لیکس مسلسل سامنے آرہی ہیں۔

اب نئی لیک میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ یہ سام سنگ کا پہلا فون ہوگا جس میں تیز ترین چارجنگ سپورٹ دی جائے گی۔

جی ہاں گلیکسی نوٹ 10 میں ایس 10 کے مقابلے میں ایک بڑی تبدیلی چارجنگ اسپیڈ کو تیز بنانے کی شکل میں متعارف کرائی جائے گی۔

اس وقت گلیکسی ایس 10 فائیو جی میں 25 واٹ وائرڈ چارجنگ سپورٹ دی جارہی ہے جو کسی اور گلیکسی ایس 10 فون میں موجود نہیں۔

مگر گلیکسی نوٹ 10 میں 45 واٹ چارجنگ اسپیڈ دیئے جانے کا امکان ہے جو کہ پہلی بار جنوبی کورین کمپنی کے کسی فون میں دی جائے گی، اس وقت سب سے تیز ہواوے میٹ ایکس فولڈ ایبل فون میں 55 واٹ چارجنگ سپورٹ ہے جبکہ اوپو کی سپر وی او او سی ٹیکنالوجی ہے جو کہ 50 واٹ چارجنگ سپورٹ فراہم کرتی ہے۔

دوسری جانب ٹوئٹر صارف آئس یونیورس نے ایک لیک میں بتایا گیا کہ سام سنگ گلیکسی نوٹ 10 سے فزیکل بٹن کو نہیں ہٹا رہی، جس کے بارے میں کچھ عرصے پہلے افواہ سامنے آئی تھی، تاہم ہیڈفون جیک کو اس ڈیوائس سے ہٹایا جاسکتا ہے۔

اور اس طرح یہ پہلا سام سنگ فلیگ شپ فون ہوگا جس میں ہیڈفون جیک موجود نہیں ہوگا۔

مختلف لیکس کے مطابق گلیکسی نوٹ 10 میں ایس 10 جیسا ہی ڈسپلے ڈیزائن دیا جائے گا یعنی پنچ ہول سیلفی کیمرا۔

ہر سال گلیکسی نوٹ سیریز کے فونز بنیادی طور پر گلیکسی ایس سیریز کے فونز کے بڑے ڈسپلے والے ورڑن ہوتے ہیں جس میں ایس پین اسٹائلوس ہی مختلف ہوتا ہے باقی پراسیسر اور کیمرے وغیرہ یکساں ہوتے ہیں، مگر اس سال بڑی تبدیلی کی جاسکتی ہے۔

اس سے قبل ایک رپورٹ میں یہ بات سامنے آئی تھی کہ اس سال سام سنگ پہلی بار گلیکسی نوٹ 10 کو 2 مختلف ورژن میں متعارف کراسکتی ہے۔

ان میں سے ایک ڈیوائس 6.28 انچ اسکرین کے ساتھ ہوگی جبکہ دوسرا ماڈل 6.75 انچ ڈسپلے سے لیس ہوگا۔

یہ فونز ایل ٹی ای اور فائیو جی ورژن میں متعارف کرائے جاسکتے ہیں۔

گلیکسی نوٹ 10 میں 4 بیک کیمروں کا سیٹ اپ دیئے جانے کا امکان ہے جیسا گلیکسی ایس 10 فائیو جی میں دیا گیا ہے۔

یعنی گلیکسی نوٹ 10 میں 12 میگا پکسل اسٹینڈرڈ لینس، 12 میگا پکسل ٹیلی فوٹو لینس، 16 میگا پکسل وائیڈ اینگل لینس اور تھری ڈی ڈیپتھ کیمرا دیا جاسکتا ہے۔

گلیکسی نوٹ 10 میں ایس 10 جیسا انفٹنی او ڈسپلے، ہول پنچ ڈوئل سیلفی کیمرا سیٹ اپ اور اسکرین میں نصب فنگرپرنٹ سنسر بھی دیئے جانے کا امکان ہے۔

خیال رہے کہ اس سال گلیکسی نوٹ سیریز کو 9 سال مکمل ہورہے ہیں مگر پھر بھی یہ نوٹ 10 کہلائے گا کیونکہ کمپنی نے نوٹ 6 کی بجائے براہ راست نوٹ 7 متعارف کرادیا تھا۔

تبصرے (0) بند ہیں