عید الفطر کی چھٹیوں سے قبل ڈالر کی قدر میں اضافہ

اپ ڈیٹ 03 جون 2019
انٹربینک میں روپیے کی قدر میں 75 پیسے کمی آئی — فائل فوٹو/رائٹرز
انٹربینک میں روپیے کی قدر میں 75 پیسے کمی آئی — فائل فوٹو/رائٹرز

عید الفطر کی چھٹیوں سے قبل انٹر بینک مارکیٹ میں ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں کمی کا رجحان دیکھا گیا۔

انٹر بینک میں امریکی ڈالر 75 پیسے مہنگا ہو کر 148.90 روپے کا ہوگیا جبکہ اوپن مارکیٹ میں ڈالر 30 پیسے مہنگا ہوکر 148.80 روپے کا ہوگیا۔

کرنسی ڈیلرز کے مطابق انٹر بینک مارکٰیٹ میں عید کی تعطیلات کی وجہ سے ڈالر کی طلب بڑھی ہے جس کی وجہ سے اوپن مارکیٹ میں بھی ڈالر مہنگا ہوگیا ہے۔

مزید پڑھیں: روپے کے مقابلے میں ڈالر کی قدر میں کمی کا سلسلہ جاری

ان کا کہنا ہے کہ انٹر بینک مارکیٹ اور اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت میں جاری 2 سے 3 روپے کا فرق ختم ہوگیا۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ عید کی تعطیلات کے بعد انٹر بینک مارکیٹ میں بھی ڈالر کی طلب کم ہوگی اور وہ کمرشل امپورٹرز جو قیمت میں بہت زیادہ اتار چڑھاو کی وجہ سے ڈالر کی ہیجنگ کر رہے ہیں وہ بھی اپنے فیصلے پر نظر ثانی کریں گے جس سے انٹر بینک مارکیٹ میں ڈالر کی طلب کم ہوجائے گی اور اس کے اثرات اس کی قیمت پر بھی پڑیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: انٹربینک میں ڈالر کی قیمت میں ایک روپے 70 پیسے کمی

واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے انٹر بینک اور اوپن مارکیٹ میں روپے کے مقابلے میں ڈالر کی قدر میں کمی دیکھی گئی تھی، جہاں ڈالر 2 روپے 10 پیسے کمی کے بعد 148.20 رو پے کا ہوگیا تھا جبکہ اوپن مارکیٹ میں ڈالر 148.50 روپے پر آگیا تھا۔

تبصرے (0) بند ہیں