خیبر پختونخوا حکومت کا منگل کو سرکاری طور پر عید منانے کا اعلان

اپ ڈیٹ 04 جون 2019
فاٹا کا خیبر پختونخوا میں انضمام ہو چکا ہے لہٰذا وہاں بھی 4 جون کو عید منائی جائے گی، شوکت یوسف زئی — فائل فوٹو / ڈان
فاٹا کا خیبر پختونخوا میں انضمام ہو چکا ہے لہٰذا وہاں بھی 4 جون کو عید منائی جائے گی، شوکت یوسف زئی — فائل فوٹو / ڈان

خیبر پختونخوا حکومت نے 4 جون بروز منگل کو سرکاری طور پر عید منانے کا اعلان کردیا۔

وزیر اطلاعات خیبر پختونخوا شوکت یوسف زئی نے بیان میں کہا گیا کہ مسجد قاسم علی خان میں مفتی شہاب الدین پوپلزئی کی سربراہی میں کمیٹی کو چاند کی 110 سے زائد شہادتیں موصول ہوئیں جبکہ صوبائی حکومت کو بھی صوبے کے مختلف حصوں سے چاند نظر آنے کی شہادتیں ملیں، اس لیے پورے صوبے میں عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے خیبر پختونخوا میں منگل کو عیدالفطر منائی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ منگل کو سرکاری سطح پر عیدالفطر منانے کا فیصلہ وزیر اعلیٰ محمود خان نے خود کیا ہے، وہ اور گورنر شاہ فرمان بھی 4 جون کو عید منائیں گے اور گورنر ہاؤس میں عید کی نماز ادا کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں: چاند کی رویت سے متعلق سرکاری ویب سائٹ لانچ

شوکت یوسف زئی کا کہنا تھا کہ فاٹا کا خیبر پختونخوا میں انضمام ہو چکا ہے لہٰذا وہاں بھی 4 جون کو عید منائی جائے گی۔

قبل ازیں اپنے بیان میں شوکت یوسف زئی نے کہا تھا کہ ان کی ذاتی رائے میں چاند کے مسئلے کو ختم کرنے کے لیے مفتی شہاب الدین پوپلزئی کو مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا چیئرمین مقرر کر دینا چاہیے۔

ان کا کہنا تھا کہ 'یہ بات تکلیف دہ ہوتی ہے کہ خیبر پختونخوا کے چند اضلاع میں پورے پاکستان سے ہٹ کر روزہ رکھا جاہا ہوتا ہے یا عید منائی جارہی ہوتی ہے جس کا کوئی حل نکالنا ضروری ہے۔'

خیال رہے کہ اس سے قبل عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کی حکومت میں بھی خیبر پختونخوا میں سرکاری سطح پر عید منائی گئی ہے۔

مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس مفتی منیب الرحمٰن کی زیر صدارت منگل کو کراچی میں ہوگا، جس میں چاند نظر آنے کا قوی امکان ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں