ایک روزے کا کفارہ ادا کریں گے، وزیراطلاعات خیبرپختونخوا

اپ ڈیٹ 04 جون 2019
خیبر پختونخوا میں آج سرکاری سطح پر عید منائی گئی — فائل فوٹو/ڈان نیوز
خیبر پختونخوا میں آج سرکاری سطح پر عید منائی گئی — فائل فوٹو/ڈان نیوز

خیبر پختونخوا کے وزیر اطلاعات شوکت یوسفزئی نے کہا ہے کہ ایک روزے کا کفارہ ادا اور روزہ دوبارہ رکھیں گے۔

انہوں نے وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ 'مفتی فواد کو مشورہ دیتا ہوں کہ وہ اپنے کام پر توجہ دیں، حکومت اور علما کو ٹارگٹ نہ کریں'۔

ڈان نیوز سے بات کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ 'خیبر پختونخوا میں عید کے اعلان سے قبل وزیراعظم عمران خان کو اطلاع دی گئی تھی جس پر انہوں نے جواب دیا کہ آپ کا معاملہ ہے آپ بہتر سمجھتے ہیں'۔

مزید پڑھیں: خیبر پختونخوا حکومت کا منگل کو سرکاری طور پر عید منانے کا اعلان

انہوں نے رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مفتی منیب الرحمٰن پر بھی تنقید کی اور کہا کہ 'مفتی منیب کے کہنے پر روزہ رکھا مگر ایک دن پہلے والا روزہ ٹھیک تھا، اب ایک روزے کا کفارہ ادا کریں گے اور روزہ دوبارہ رکھیں گے'۔

انہوں نے کہا کہ 'رویت ہلال کمیٹی میں اختلافات ہیں، ہر شعبے میں ریٹائرمنٹ ہوتی ہے، مفتی منیب کو بھی کمیٹی کی چیئرمین شپ سے مستعفی ہوجانا چاہیے'۔

انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ خیبر پختونخوا میں آج عید مفتی شہاب الدین پوپلزئی کے کہنے پر نہیں منائی گئی ہے۔

قبل ازیں جیو نیوز سے خصوصی بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا تھا کہ خیبرپختونخوا حکومت کا ایک روز قبل عید منانے کا فیصلہ نامناسب ہے اور اس سے جگ ہنسائی ہوئی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومتوں کو مسلک اور مقامی لڑائیوں میں نہیں پڑنا چاہیے، جو جہاں چاہے عید منائے مگر جھوٹ کی بنیاد پر ایسا نہیں کرنا چاہیے۔

فواد چوہدری نے ایک ٹوئٹر صارف کو جس نے ملک میں ایک عید نہ منائے جانے پر انہیں تنقید کا نشانہ بنایا تھا، جواباً ٹوئٹ میں کہا تھا کہ فکر نہ کریں یہ بات سمجھانے میں پرنٹنگ پریس حرام نہیں ہے، نہ ہی ٹرین کا سفر اور نہ ہی لاؤڈ اسپیکر کفر ہے کوئی دو سو سال لگے، یہ موضوع تو ابھی شروع ہوا ہے زیادہ عرصہ نہیں درکار انشا اللہ۔

وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی کا کہنا تھا کہ گزشتہ روز چاند نظر آنا بالکل بھی ممکن نہیں تھا، مذہبی تہوار کی بنیاد بھی جھوٹ پر رکھ دی گئی ہے، دنیا میں ایسے تاثر گیا کہ جیسے جھوٹ کو سرکاری سرپرستی حاصل ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز خیبر پختونخوا حکومت نے 4 جون بروز منگل کو سرکاری طور پر عید منانے کا اعلان کردیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: دنیا کے مختلف ممالک میں عیدالفطر کے مناظر

وزیر اطلاعات خیبر پختونخوا شوکت یوسف زئی نے بیان میں کہا تھا کہ مسجد قاسم علی خان میں مفتی شہاب الدین پوپلزئی کی سربراہی میں کمیٹی کو چاند کی 110 سے زائد شہادتیں موصول ہوئیں جبکہ صوبائی حکومت کو بھی صوبے کے مختلف حصوں سے چاند نظر آنے کی شہادتیں ملیں، اس لیے پورے صوبے میں عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے خیبر پختونخوا میں منگل کو عیدالفطر منائی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ منگل کو سرکاری سطح پر عیدالفطر منانے کا فیصلہ وزیر اعلیٰ محمود خان نے خود کیا ہے، وہ اور گورنر شاہ فرمان بھی 4 جون کو عید منائیں گے اور گورنر ہاؤس میں عید کی نماز ادا کریں گے۔

خیال رہے کہ اس سے قبل عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کی حکومت میں بھی خیبر پختونخوا میں سرکاری سطح پر عید منائی گئی ہے۔

تبصرے (2) بند ہیں

SyedShahidAli Jun 04, 2019 07:43pm
Mufti Muneeb is ok
Malik Jun 05, 2019 08:31am
چاند دیکھ کر عید کرنا ، شہادت کی تصدیق کرنا اور سائنس سے مدد لینا کہ کس دن چاند نظر آئے گا - یہی سب سے اچھا اور کارآمد طریقہ ھے - باقی جو اختلاف کرتا ھے اس کی ذمہ داری اسی کے اوپر ھے ۔ اگر جھوٹ بولا تو اللہ کو جواب دینا پڑے گا ۔