وزیراعظم، صدرمملکت، اپوزیشن رہنماؤں، آرمی چیف کی جانب سے عید پیغامات

اپ ڈیٹ 05 جون 2019
عیدالفطر کی تیاریاں پورے زور و شور سے جاری ہیں—فائل/فوٹو:اے پی
عیدالفطر کی تیاریاں پورے زور و شور سے جاری ہیں—فائل/فوٹو:اے پی

مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مفتی منیب الرحمٰن کی جانب سے عیدالفطر کے اعلان کے ساتھ ساتھ پاکستان بھر میں ایک دوسرے کو مبارک باد دینے کا سلسلہ روایتی انداز میں شروع ہوا اسی طرح حکومت اور اپوزیشن رہنماؤں کی جانب سے بھی قوم کے نام پیغامات جاری کردیے گئے ہیں۔

وزیراعظم عمران خان، صدر مملکت عارف علوی، اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر، سابق وزیر اعظم نواز شریف، پاکستان پیپلزپارٹی (پی پی پی) کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری اور دیگر رہنماؤں نے مبارک باد کے ساتھ ساتھ قوم کے نام خصوصی پیغامات جاری کیے۔

واضح رہے کہ خیبر پختونخوا حکومت نے ایک روز قبل ہی صوبے میں سرکاری سطح پر عید منانے کا اعلان کیا تھا۔

وزیراعظم کا عید پر پیغام

وزیراعظم عمران خان نے اپنے پیغام میں کہا کہ عیدالفطر کا مقصد مسلمانوں کے درمیان اتحاد اور بھائی چارے کو فروغ دینا ہے۔

ریڈیو پاکستان کی رپورٹ کے مطابق وزیراعظم نے کہا کہ ضرورت مندوں اور غریبوں کو خوشیوں میں شریک اور ان کے ساتھ اظہار ہمدردی کر کے ہی عید کی حقیقی خوشیوں سے لطف اندوز ہوا جاسکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ عیدالفطر کا مقصد مسلمانوں کے درمیان اتحاد، بھائی چارے، قربانی اور سخاوت کے جذبے کو فروغ دینا ہے۔

قوم کو عید کی مبارک باد دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ لوگ صرف اسی صورت میں دوسروں کے ساتھ عید کی خوشیوں میں شریک ہوسکتے ہیں جب وہ اسلام کے سنہری اصولوں پر عمل کرتے ہوئے حسد لالچ اور نفرت جیسے منفی رویوں کو ترک اور سخاوت کو فروغ دیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ حکومت نے ملک کو ترقی اور خوش حالی پر گامزن کرنے کا سفر شروع کیا ہے، انسانی تاریخ میں مدینہ کی ریاست ایک ماڈل بن چکی ہے اور انسانی بہبود کے لیے کردار ادا کرنے پر تکریم سمیٹی ہے موجودہ حکومت پاکستان کو حقیقی فلاحی ریاست میں ڈھالنے کے لیے اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔

عمران خان نے اللہ تعالی سے دعا کی کہ پاکستان کو امن اور خوشحالی کا گہوارہ بنا دے جو ہر پاکستانی کی خواہش ہے۔

اخوت اور بھائی چارے کو فروغ دیں، صدر مملکت

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے عید کے حوالے سے اپنے پیغام میں قوم پر زور دیا ہے کہ وہ اپنے اندر اخوت اور بھائی چارے کے جذبے کو فروغ دیں اور ذاتی، علاقائی اور گروہی تعصبات سے بالاتر ہو کر ملک کی ترقی اور خوشحالی کے لیے کام کریں۔

انہوں نے عید الفطر کے پرمسرت موقع پر پوری امت مسلمہ خصوصاً پاکستانی قوم کومبارک باد دی۔

صدر ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ عید الفطر کا تہوار اسلامی اقدار اور روایات کا مجموعہ اور مذہبی تعلیمات کا آئینہ دار ہے۔

انہوں نے اللہ تعالیٰ سے دعا کی کہ وہ ہمیں اسلامی تعلیمات پر عمل کرنے کے لیے رہنمائی فراہم کرے اور ہمارے وطن کو امن و آشتی کا گہوارہ بنا دے۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا پیغام

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) میجر جنرل آصف غفور نے فوج کی جانب سے قوم کو عید کی مبارک باد دی۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے ٹویٹ میں کہا کہ ‘پاکستان کی مسلح افواج کی جانب سے اپنے پاکستانیوں کو عید کی مبارک باد ہو’۔

پاک فوج کے سربراہ کی جانب سے عید پیغام پہنچاتے ہوئے انہوں نے کا کہ ‘پاکستان میں امن، ترقی اور استحکام کے لیے دعاؤں کے ساتھ عید مبارک ہو’۔

عید کی خوشیوں میں غریبوں کا خیال رکھیں، اسپیکر قومی اسمبلی

اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے قوم کو عید الفطر کے پر مسرت موقع پر مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ ہم اس خوشی کے موقع پر اپنے ہم وطن بزرگوں، بھائیوں، بہنوں اور بچوں کو عید کی مبارکباد دیتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں عید کے اس موقع پر خدا کا شکر ادا کرنا چاہیے جس نے ہمیں ماہ صیام میں روزہ رکھنے، عبادت کر نے اور ضرورت مندوں کی مدد کرنے کا موقع فراہم کیا۔

اسد قیصرنے کہا کہ عید کا دن ہم سب کے لیے خوشیاں لے کر آیا ہے تاہم اس کی حقیقی خوشی اس وقت حاصل ہوتی ہے جب ہم اپنے غریب بہن بھائیوں کا خیال رکھیں اور انہیں اپنی خوشیوں میں شامل کریں۔

انہوں نے کہا کہ ایک مضبوط اسلامی فلاحی معاشرے کی تشکیل کے لیے معاشرتی ناانصافیوں کے خاتمے اور ہم آہنگی اور بھائی چارے کے فروغ کے لیے کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے۔

اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ عید تجدید عہد کا دن ہے آج کے دن ہمیں پوری اُمت کی تر قی وخوش حالی کے لیے دعائیں مانگنی چاہیے۔

اپنے پیغام میں انہوں نے اللہ تعالی سے دعا کی کہ مسلمانوں کو صحیح راستے پر چلنے کی کی توقیق عطافرمائے اور انہیں ہر برائی سے محفوظ رکھے۔

اسد قیصر نے ملک کو درپیش چیلنجوں کا مقابلہ کرنے کے لیے قوم کو متحد ہونے کی ضرورت پر زور دیا۔

بھارتی حکومت مسلمانوں کے حقوق کا تحفظ کرے، وزیر خارجہ

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے عید کی نماز کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج فاصلے مٹانے اور دِلوں کو جوڑنے کا موقع ہے۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان اوربیرون ممالک مقیم پاکستانیوں کوعیدالفطرکی دلی مبارک باد، یہ مبارک دن ہمیں بھائی چارےکوفروغ دینے کا موقع فراہم کرتا ہے

وزیر خارجہ نے کہا کہ یہ مبارک دن ہمیں بھائی چارےکوفروغ دینے کا موقع فراہم کرتا ہے،ان کا کہنا تھا کہ دعا ہے عیدالفطر تمام مسلمانوں کے لیے امن اور خوشحالی کی نوید بنے۔

ان کا کہنا تھا کہ آج کے دن شہدا کی قربانیوں کو بھی یاد رکھنا چاہیے، اللہ رب العزت پاکستان کو امن کا گہوارہ بنائے۔

وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ بھارتی حکومت مسلمانوں کے حقوق کا تحفظ کرے۔

میری عید غریبوں کے نام، سابق وزیر اعظم نواز شریف کا جیل سے پیغام

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد اور سابق وزیراعظم نوازشریف نےعید الفطر کے موقع پر کوٹ لکھپت جیل لاہور سے قوم کو مبارک باد دیتے ہوئے اپنے پیغام میں کہا کہ رمضان المبارک میں ملک و قوم کے لیے اللہ کے حضور جو دعائیں کی ہیں اللہ ان دعاوں کو قبول فرما کر پاکستان کو اپنے منزل مقصود تک پہنچائے۔

نواز شریف کا کہنا تھا کہ میری عید ان غریب عوام کے نام ہے جو پریشان حال زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔

آج قومی یکجہتی کی اشد ضرورت ہے، سابق صدر آصف علی زرداری

پی پی پی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف زرداری نے تمام مسلمانوں کو عیدالفطر کی مبارک باد دی اور کہا کہ آج کا دن ضرورت مند بھاٸیوں اور بہنوں کی مدد کا تقاضہ کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اللہ تعالی کے حضور سجدہ کرتے وقت ملک کی سلامتی اور قومی یکجہتی کی دعا کی جائے، آج قومی یکجہتی اور اتحاد کی سخت ضرورت ہے۔

سابق صدر نے کہا کہ ہم سب کو اسلامی اور جمہوری آٸین کا تقدس بحال رکھنا ہ، ہمیں ان عناصر کو شکست دینی ہوگی جو مذہب کی آڑ میں فتنہ اور فساد پھیلاتے ہیں۔

آصف زرداری نے کہا کہ عید کی خوشی کے موقع پر ان شہیدوں کو یاد رکھا جاٸے جنہوں نے دھرتی ماں کے لیے جانین قربان کی ہیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں