ڈاکٹر انور سجاد کا پہلا ناول 1955 میں شائع ہوا—فوٹو: فیس بک
ڈاکٹر انور سجاد کا پہلا ناول 1955 میں شائع ہوا—فوٹو: فیس بک

معروف ڈرامہ نگار، ادیب اور افسانہ نگار انوار سجاد کو لاہور میں سپرد خاک کردیا گیا۔

ڈاکٹر انور سجاد عید کے دوسرے روز کچھ عرصہ علالت میں رہنے کے بعد 84 برس کی عمر میں انتقال کر گئے تھے۔

ڈاکٹر انور سجاد قیام پاکستان سے قبل 1935 میں لاہور میں پیدا ہوئے اور انہوں نے کنگ ایڈورڈ کالج سے ایم بی بی ایس کیا اور قیام پاکستان کے چند سال بعد ہی ان کا پہلا ناول منظر عام پر آیا۔

ڈاکٹر انور سجاد کا پہلا ناول ’رگ سنگ‘ 1955 کو شائع ہوا جس کے چند سال بعد ہی انہوں نے 65 میں پاکستان ٹیلی وژن (پی ٹی وی) میں اپنے کیریئر کا آغاز کیا اور انہیں ان کی خدمات کے عوض 1989 میں صدارتی ایوارڈ برائے حسن کارکردگی بھی دیا گیا۔

ڈاکٹر انور سجاد نے سوگواروں میں اہلیہ اور بیٹی چھوڑی ہے۔

ڈاکٹر انور سجاد گزشتہ چند سال سے کسمپرسی کی زندگی گزار رہے تھے—فوٹو: فیس بک
ڈاکٹر انور سجاد گزشتہ چند سال سے کسمپرسی کی زندگی گزار رہے تھے—فوٹو: فیس بک

ڈاکٹر انور سجاد کی دیگر معروف کتابوں میں ’، زرد کونپل، نگار خانہ، صبا، سمندر، نیلی نوٹ بک، جنم روپ، پہلی کہانیاں، چوراہا، خوشیوں کا باغ اور استعارے‘ شامل ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ڈاکٹر انور سجاد گزشتہ چند سال سے کسمپرسی کی زندگی گزار رہے تھے اور ان کی اہلیہ نے صدر مملکت کو مالی مدد کی اپیل بھی کی تھی۔

بیماری کے باعث ڈاکٹر انور سجاد نے لوگوں سے ملنا جلنا اور تقاریب میں آنا جانا بند کردیا تھا جب کہ آخری ایام میں انہوں نے کھانا پینا بھی چھوڑ دیا تھا۔

ڈاکٹر انور سجاد کی وفات پر سیاسی، سماجی و شوبز شخصیات نے گہرے دکھ کا اظہار کیا جب کہ ان کی نماز جنازہ میں بھی کئی افراد نے شرکت کی۔

تبصرے (0) بند ہیں