پاکستان کی ایک مرتبہ پھر بھارت کو تمام تصفیہ طلب امور پر مذاکرات کی پیشکش

اپ ڈیٹ 08 جون 2019
ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے وزیراعظم کی جانب سے بھارتی ہم منصب کو لکھے گئے تازہ خط کی تصدیق کردی — فائل فوٹو/اے ایف پی
ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے وزیراعظم کی جانب سے بھارتی ہم منصب کو لکھے گئے تازہ خط کی تصدیق کردی — فائل فوٹو/اے ایف پی

اسلام آباد: خطے میں امن کی بحالی اور دونوں ممالک کے عوام کو درپیش مسائل کو دور کرنے کے لیے پاکستان نے ایک مرتبہ پھر جموں و کشمیر اور دہشت گردی سمیت دیگر معاملات کے حل کے لیے بھارت کو مذاکرات کی پیشکش کردی۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو دوسری مرتبہ اقتدار سنبھالنے اور انتخابات میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی کامیابی پر وزیراعظم عمران خان نے اپنے ہم منصب کو خط ارسال کیا جس میں یہ پیشکش کی گئی۔

اپنے خط میں وزیراعظم نے اس بات پر زور دیا کہ دونوں ممالک کو اپنے اختلافات دور کرنے چاہیے جبکہ اس سے قبل لکھے گئے خط میں انہوں نے بھارت کے مطالبے پر دہشت گردی کے مسئلے پر بات چیت کرنے کے لیے رضا مندی کا اظہار کیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: کرغزستان میں عمران خان اور نریندرمودی کی ملاقات شیڈول نہیں، ترجمان بھارتی وزارت خارجہ

ریڈیو پاکستان کی رپورٹ کے مطابق وزیراعظم نے اپنے خط میں پاکستان کی پڑوسی ممالک کے ساتھ امن کی پالیسی اور جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کے لیے مسئلہ کشمیر سمیت تمام تنازعات کے حل کے لیے کام کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔

اس کے علاوہ وزیراعظم نے اپنے خط میں باہمی احترام اور بھروسے کے ساتھ غربت اور ترقی پذیر سمیت دونوں ممالک کے عوام کو درپیش مسائل کا سامنا کرنے کے لیے مل کر کام کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

اس کے ساتھ انہوں نے مشترکہ اقدامات کے ذریعے خطے میں امن، ترقی اور خوشحالی کے مقصد کو ترقی دینے کی ضرورت پر زور دیا۔

بعدازاں ڈان سے گفتگو کرتے ہوئے ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے وزیراعظم کی جانب سے بھارتی ہم منصب کو لکھے گئے تازہ خط کی تصدیق کی جس میں اگر بھارت چاہے تو پاکستان کی جانب سے نئی دہلی کے ساتھ مذاکرات کے عزم کو دہرایا گیا۔

مزید پڑھیں: وزیر اعظم کی انتخابات میں کامیابی پر نریندر مودی کو مبارکباد

قبل ازیں بھارت کی وزارت خارجہ کی جانب سے اعلان کیا گیا کہ شنگھائی تعاون تنظیم کے آئندہ ہفتے ہونے والے اجلاس کے موقع پر پاکستان اور بھارت کے وزرائے اعظم کے درمیان دو طرفہ ملاقات طے نہیں۔

خیال رہے کہ وزیراعظم عمران خان اور نریندر مودی علاقائی تعاون تنظیم کے 13 اور 14 جون کو کرغزستان میں ہونے والے اجلاس میں شرکت کریں گے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا کہ ’اگر بھارت بھی رضامند ہو تو ہم بھارتی وزیراعظم سے شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس کے موقع پر ملاقات کے لیے تیار ہیں‘۔

یہ بھی پڑھیں: 'بھارت کی داخلی سیاست وزیراعظم پاکستان کو مدعو کرنے کی اجازت نہیں دیتی'

دوسری جانب وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے بھی بھارت کے نئے وزیر خارجہ سبرامنیام جے شنکر کو خط لکھ کر عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی۔

اس سے قبل شاہ محمود قریشی کی گذشتہ ماہ کرغزستان کے شہر بشکیک میں شنگھائی تعاون تنظیم کے ہی اجلاس کے موقع پر سابق بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج ملاقات ہوئی تھی۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (1) بند ہیں

Raees Jun 08, 2019 04:37pm
Moodi Will extend with civilian government only.