بھارتی فورسز کی فائرنگ سے مزید ایک کشمیری نوجوان شہید

08 جون 2019
2 روز میں قابض فوج کی ریاستی دہشت گردی میں شہید ہونے والے کشمیری نوجوانوں کی تعداد 5 ہوگئی — فائل فوٹو/ اے پی
2 روز میں قابض فوج کی ریاستی دہشت گردی میں شہید ہونے والے کشمیری نوجوانوں کی تعداد 5 ہوگئی — فائل فوٹو/ اے پی

سری نگر: بھارت کے زیر تسلط کشمیر میں بھارتی فورسز کی ریاستی دہشت گردی جاری ہے جس کے نتیجے میں مزید ایک کشمیری نوجوان شہید ہوگیا۔

کشمیر میڈیا سروس کی رپورٹ کے مطابق بھارتی فورسز کی جانب سے حالیہ کارروائی ضلع اسلام آباد میں کی گئی۔

رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ بھارتی فورسز نے کشمیری نوجوان کو ناؤگام کے علاقے میں سرچ آپریشن اور گھر گھر تلاشی کے دوران فائرنگ کرکے شہید کیا۔

آخری رپورٹس آنے تک بھارتی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے رکھا تھا اور سرچ آپریشن جاری تھا۔

مزید پڑھیں: بھارتی فورسز کی مظاہرین پر فائرنگ، ایک کشمیری شہید، 70 زخمی

خیال رہے کہ اسلام آباد کے علاقے میں ہونے والی کشمیری نوجوان کی شہادت کے بعد گذشتہ 2 روز میں وادی میں شہید کیے جانے والے نوجوانوں کی تعداد 5 ہوگئی۔

گذشتہ روز بھارتی فوج نے ضلع پلوامہ کے علاقے لسی پورہ میں سرچ آپریشن کیا تھا اور اس دوران ایک کشمیری جوان کو شہید کردیا تھا۔

بعد ازاں اسی علاقے میں بھارتی فوج کی جانب سے تباہ کیے گئے 2 گھروں کے ملبے سے مزید 3 کشمیری نوجوانوں کی لاشیں ملیں جنہیں بھارتی فوج نے شہید کیا تھا۔

مقبوضہ کشمیر میں شہید ہونے والے نوجوانوں کی شناخت سلیمان خان، شبیر احمد ڈار، عمران احمد بٹ اور عاشق حسین کے نام سے ہوئی۔

بھارتی فوج کے جبر کے خلاف سیکڑوں افراد نے مظاہرہ کیا جن کے خلاف فورسز نے پیلٹ گنز اور آنسو گیس کا استعمال کیا جس کے بعد علاقہ مکینوں اور فوجی اہلکاروں کے درمیان جھڑپیں ہوئی جس کے نتیجے میں کئی افراد زخمی بھی ہوئے۔

یہ بھی پڑھیں: مقبوضہ کشمیر: بھارتی فورسز کی فائرنگ سے 4 نوجوان شہید

اس سے قبل 31 مئی کو مظاہرین اور سیکیورٹی فورسز کے درمیان جھڑپوں کے نتیجے میں 3 کشمیری شہید ہوگئے تھے۔

29 مئی کو حریت پسندوں کو بھارتی فوج کے محاصرے سے نکالنے میں مدد دینے فراہم کرنے کے دوران جھڑپوں میں ایک کشمیری شہید اور 70 افراد زخمی ہوگئے تھے۔

18مئی کو ضلع پلوامہ کے علاقے پَنزگام میں بھارتی فوج کی جانب سے محاصرہ کرکے کیے گئے آپریشن میں 3 نوجواب شوکت احمد ڈار، عرفان احمد اور مظفر احمد شہید ہوئے تھے۔

خیال رہے کہ 1989 سے متعدد مسلح گروپ بھارتی فوج اور ہمالیہ کے علاقوں میں تعینات پولیس سے لڑتے آئے ہیں اور وہ پاکستان سے انضمام یا کشمیر کی آزادی چاہتے ہیں۔

مزید پڑھیں: مقبوضہ کشمیر: سرچ آپریشن کے دوران مزید 3 کشمیری شہید

اس لڑائی کے دوران اب تک ہزاروں لوگ مارے جاچکے ہیں، جس میں زیادہ تر عام شہری ہیں۔

کشمیر میں جاری اس تشدد میں گزشتہ دہائی میں تیزی سے کمی آئی تھی لیکن بھارتی فوج کے عسکریت پسندوں کے خلاف آپریشن آل آؤٹ کے نتیجے میں 350 اموات ہوئیں اور وادی میں جاری کشیدگی میں مزید اضافہ ہوگیا۔

تبصرے (0) بند ہیں