فردوس عاشق اعوان کا رانا ثناء اللہ کو 2 ارب روپے ہرجانے کا نوٹس

معاون خصوصی کی وکیل کے مطابق بیان سے ان کے موکلہ کی شہرت کو نقصان اورساکھ مجروح ہوئی —فوٹو: ڈان نیوز
معاون خصوصی کی وکیل کے مطابق بیان سے ان کے موکلہ کی شہرت کو نقصان اورساکھ مجروح ہوئی —فوٹو: ڈان نیوز

وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے رکن قومی اسمبلی رانا ثناء اللہ کی جانب سے ’الزامات‘ لگائے جانے پر انہیں 2 ارب روپے ہرجانے کا قانونی نوٹس بھیج دیا۔

قانونی نوٹس میں مطالبہ کیا گیا کہ تردید اور معافی اس انداز میں نشر اور شائع کروائی جائے جس طرح سے جھوٹے الزامات کو نشر اور شائع کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: رانا ثناء اللہ کے بیان پر شرمندگی ہے، لیگی رہنما

معاون خصوصی کے وکیل نے قانونی نوٹس میں کہا رانا ثناء اللہ کو مطلع کیا جاتا ہے کہ ان الزامات کی تردید کریں اور معافی مانگیں۔

قانونی نوٹس میں کہا گیا کہ مسلم لیگ (ن) کے رہنما رانا ثناء اللہ معافی کے ساتھ 2 ارب روپے ہرجانہ بھی ادا کریں۔

نوٹس میں مطالبہ کیا گیا کہ جھوٹی خبر پر معافی، اس کی تردید اور ہرجانہ 14 دن کے اندر ادا کیا جائے۔

قانونی نوٹس میں کہا گیا کہ اگر یہ دونوں اقدام نہ کیے گئے تو ہتک عزت ایکٹ 2002 کی دفعہ 8 کے تحت ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کے وکلا قانونی چارہ جوئی کا حق رکھتے ہیں۔

مزیدپڑھیں: قومی اسمبلی میں رانا ثنااللہ کے خلاف قرار داد مذمت متفقہ منظور

اس حوالے سے بتایا گیا کہ ہرجانے کا نوٹس 26 مئی کو معاون خصوصی اطلاعات کے حوالے سے ’بے بنیاد اور جھوٹے بیانات‘ پر بجھوایا گیا۔

نوٹس میں کہا گیا کہ فردوس عاشق اعوان دنیا بھر میں ایک قابل اور ایماندار سیاستدان کے طور پر جانی جاتی ہیں اور 10 برس تک قومی اسمبلی اور 5 مختلف وزارتوں میں وزیر کے عہدے پر فائز رہیں۔

اس میں مزید موقف اختیار کیا گیا کہ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کی بطور معاون خصوصی برائے اطلاعات اہم ذمہ داریاں ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: پنجاب حکومت کی پی ٹی آئی خواتین کے خلاف نازیبا الفاظ کی مذمت

معاون خصوصی برائے اطلاعات کے وکیل نے نوٹس میں کہا کہ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا تعلق انتہائی معزز گھرانے سے ہے اور رانا ثناء اللہ کی میڈیا سے گفتگو میں ان کی موکلہ پر بے بنیاد اور جھوٹے الزامات لگائے گئے۔

قانونی نوٹس میں کہا گیا کہ جھوٹے الزامات کی وجہ سے ان کی موکلہ کی دل آزاری ہوئی، شہرت کو نقصان اور ساکھ مجروح ہوئی ہے۔

رانا ثنااللہ کا ردعمل

پاکستان مسلم لیگ (ن) پنجاب کے صدر رانا ثنااللہ نے فردوس عاشق ایوان کے ہرجانے کے نوٹس پر ردِعمل دیتے ہوئے کہا کہ 'فردوس باجی، میں نے تو سرکاری بسوں اور وزارتِ صحت میں دوائیوں کی قیمتوں میں اضافے کی کرپشن جو آپ نے بتائی اُس کا پوچھا تھا آپ تو غصہ کر گئیں۔'

انہوں نے فردوس عاشق اعوان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ 'آپ سے وزارت پیٹرولیم میں ڈاکے کا پوچھا تھا جس کا اعتراف آپ نے کیا تھا، سرکاری بسوں اور دوائیوں کی کرپشن کا جواب تو دیں جبکہ ابھی تو کرپشن، نالائقی اور نااہلی کے بڑے سوال کرنے تھے آپ تو ابھی سے غصہ کر گئیں۔'

تبصرے (0) بند ہیں