بھارت: حریف سیاسی جماعتوں کے درمیان کشیدگی، 4 ہلاک

09 جون 2019
مغربی بنگال میں حریف جماعتوں کے درمیان کشیدگی کے باعث گذشتہ ماہ بھی ایک شخص ہلاک ہوگیا تھا — فائل فوٹو/ اے ایف پی
مغربی بنگال میں حریف جماعتوں کے درمیان کشیدگی کے باعث گذشتہ ماہ بھی ایک شخص ہلاک ہوگیا تھا — فائل فوٹو/ اے ایف پی

بھارت کی ریاست مغربی بنگال میں 2 حریف سیاسی جماعتوں کے درمیان کشیدگی کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں حکمران جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے 3 اور مقامی سیاسی جماعت ترنمول کانگریس پارٹی کا ایک رکن ہلاک ہوگیا۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق پولیس اور مقامی سیاستدانوں کا کہنا تھا کہ واقعے میں کم سے کم 18 افراد زخمی بھی ہوئے۔

خیال رہے کہ گذشتہ سال اسی ریاست میں پارلیمانی نشست پر کامیابی کے لیے وزیراعظم نریندر مودی کی جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جی پی) نے جارحیانہ مہم کا آغاز کیا تھا۔

پولیس حکام نے بتایا کہ 'مقامی جماعت کے کارکنوں کی فائرنگ سے بی جے پی کے 3 کارکن ہلاک ہوئے'۔

مزید پڑھیں: بھارت: مغربی بنگال میں سیاسی ہنگامے، انتخابی مہم کا دورانیہ محدود

بی جے پی کے مقامی رہنما موکول روئے نے سماجی روابط کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے 3 کارکنوں کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ فائرنگ کا واقعہ مغربی بنگال کے علاقے سندیشخالی میں پیش آیا۔

یاد رہے کہ اس ریاست میں حریف سیاسی جماعتوں کے درمیان اکثر کشیدگی رہتی ہے جہاں بی جے پی نے حالیہ انتخابات میں 18 نشستیں حاصل کی ہیں جبکہ 2014 میں بی جے پی نے اسی علاقے سے 2 نشستیں حاصل کیں تھیں۔

نریندر مودی کی جماعت نے گذشتہ ماہ اختتام پذیر ہونے والے انتخابات میں 303 نشستوں پر کامیابی حاصل کی ہے اس سے قبل انہوں نے 2014 میں 282 نشستوں پر کامیابی حاصل کی تھی۔

مغربی بنگال میں اثر و رسوخ کی حامل مقامی سیاسی جماعت، ترنمول کانگریس پارٹی اور ان کی سربراہ ممتا بینرجی نے ریاست میں کشیدگی کا الزام بی جے پی پر عائد کیا۔

بی جے پی کے جنرل سیکریٹری کے مطابق ریاست میں حالیہ کشیدگی بی جے پی کی جانب سے جھنڈے اور پوسٹر لگانے پر شروع ہوئی۔

پریس ٹرسٹ آف انڈیا کے مطابق جنرل سیکریٹری نے الزام لگایا کہ ان کی حریف جماعت نے جھنڈے اور پوسٹر ہٹانے کی کوشش کی اور جب اس اقدام کے خلاف احتجاج کیا گیا تو کارکنوں پر فائرنگ کی گئی۔

یہ بھی پڑھیں: مودی والدہ اور اہلیہ کی عزت نہیں کرتے، عوام کی کیسے کریں گے، ممتا بینرجی

ریاست کے ایک وزیر، جن کا تعلق ترنمول کانگریس سے ہے، کا کہنا تھا کہ بی جے پی کی جانب سے ان کے ایک کارکن پر تشدد کیا گیا اور اسے فائرنگ کرکے ہلاک کردیا گیا۔

واضح رہے کہ مغربی بنگال میں اکثر حریف جماعتوں کے درمیان کشیدگی رہتی ہے اور گذشتہ ماہ ریاست کے دارالحکومت کولکتہ میں بی جے پی کے ایک حمایتی کو قتل کردیا گیا تھا جبکہ ترنمول کانگریس کے رکن کی گاڑی پر پتھراؤ کیا گیا تھا۔

گذشتہ سال اس ریاست میں بی جے پی کے کارکن کو قتل کرنے کے بعد ان کی لاش درخت سے لٹکا دی گئی تھی۔

تبصرے (0) بند ہیں