کس سے محبت کرتی ہوں معلوم کرنا ہے تو ’گوگل‘ کریں، ریانا

گلوکارہ کے تعلقات سعودی عرب کے نوجوان سے ہیں، فوٹو: شٹر اسٹاک
گلوکارہ کے تعلقات سعودی عرب کے نوجوان سے ہیں، فوٹو: شٹر اسٹاک

شمالی امریکی کیریبین ملک بارباڈوس نژاد امریکی گلوکارہ ریانا نے حال ہی میں دنیا کی امیر ترین گلوکارہ کا اعزاز حاصل کیا تھا۔

ریانا کی مجموعی دولت 60 کروڑ امریکی ڈالر ہے جو پاکستانی 70 ارب روپے سے زائد بنتی ہے۔

ریانا کی کمائی میں اضافہ نہ صرف گلوکاری کی وجہ سے ہوا بلکہ ان کی جانب سے میک اپ، خواتین کے زیر جامہ، گارمنٹ اور فیشن برانڈز میں سرمایہ سے بھی ان کی کمائی میں اضافہ ہوا۔

دنیا کی امیر ترین گلوکارہ بننے سے قبل بھی وہ میڈیا میں دنیا کے امیر ترین افراد میں شمار ہونے والے عرب ارب پتی سے تعلقات کی وجہ سے خبروں میں رہتی تھیں۔

ریانا سعودی عرب کے کاروباری شخص حسن جمیل سے تعلقات کی وجہ سے خبروں میں رہتی ہیں، جن سے ان کے 2017 سے تعلقات ہیں۔

دونوں کے درمیان جون 2018 میں اختلافات بھی سامنے آئے تھے اور رپورٹس تھیں کہ دونوں الگ ہوگئے ہیں، تاہم ایک بار پھر رواں برس مارچ میں دونوں کے درمیان صلح ہونے کی خبریں سامنے آئیں۔

دونوں کے درمیان صلح کی خبریں سامنے آنے کے بعد انہیں ملتے ہوئے بھی دیکھا گیا، تاہم دونوں کو کبھی بھی سرعام ایک ساتھ نہیں دیکھا گیا۔

ماضی میں ریانا سعودی نوجوان حسن جمیل کی شخصیت سے متعلق یہ اقرار کر چکی ہیں کہ وہ ماضی میں ان کے رہنے والے تمام مرد دوستوں سے بہتر اور سنجیدہ ہیں۔

اور اب گلوکارہ نے تازہ انٹرویو میں اعتراف کیا ہے کہ یہ سچ ہے کہ وہ کسی سے محبت کرتی ہیں۔

’انٹرویو میگزین‘ کو دیے گئے انٹرویو میں ریانا نے اعتراف کیا کہ وہ محبت کرتی ہیں، تاہم انہوں نے اس شخص کا نام نہیں بتایا جن سے وہ محبت کرتی ہیں۔

گلوکارہ سے جب اس شخص کا نام پوچھا گیا تو انہوں نے مسکراتے ہوئے جواب دیا کہ ’وہ کس سے محبت کرتی ہیں یہ معلوم کرنے کے لیے لوگوں کو ’گوگل‘ کا سہارا لینا پڑے گا‘۔

حسن جمیل اور ریانا کے درمیان 2017 کے بعد تعلقات استوار ہوئے، رپورٹس—فائل فوٹو: ڈیلی مرر
حسن جمیل اور ریانا کے درمیان 2017 کے بعد تعلقات استوار ہوئے، رپورٹس—فائل فوٹو: ڈیلی مرر

ریانا نے شادی سے متعلق پوچھے گئے سوال پر کوئی جواب نہیں دیا، تاہم انہوں نے کہا کہ انہیں جلد سے جلد ماں بننے کی جلدی ہے۔

ریانا کا کہنا تھا کہ ان کے لیے ماں بننا دیگر کاموں سے زیادہ اہم ہے، تاہم انہوں نے یہ نہیں بتایا کہ وہ کب تک اور کس کے بچوں کی ماں بنیں گی؟۔

گلوکارہ کی جانب سے تازہ انٹرویو میں محبت کے اعتراف اور محبت کرنے والے شخص سے متعلق ’گوگل‘ سے مدد لینے کی بات کیے جانے کے امریکی و برطانوی میڈیا میں چہ مگوئیاں ہیں کہ انہوں نے عرب نوجوان حسن جمیل کا حوالہ دیا۔

کیوں کہ ’گوگل‘ پر اگر گلوکارہ ریانا کے تعلقات کے حوالے سے کوئی چیز تلاش کی جاتی ہے تو سب سے نمایاں خبریں ان کے اور حسن جمیل کے درمیان تعلقات کی آتی ہیں۔

خیال رہے کہ حسن جمیل سے سے قبل ریانا کے تعلقات ہولی وڈ اداکار کرس براؤن سے تھے، تاہم دونوں کے درمیان 2015 میں اختلافات ہوگئے اور بعد ازاں گلوکارہ 2017 کے آغاز میں عرب نوجوان کے قریب ہوئیں۔

ریانا سے قبل عرب نوجوان حسن جمیل کے تعلقات برطانوی سپر ماڈل ناؤمی کامپبیل سے بھی رہے۔

حسن جمیل اور ناؤمی کامپبیل کے درمیان بھی کافی وقت تک قربتیں قائم رہیں، ان دونوں کے درمیان اس وقت تعلقات ٹوٹے جب مبینہ طور پر گلوکارہ ریانا نے ارب پتی سعودی نوجوان سے تعلقات بڑھائے۔

ہارپر بازار میگزین کے مطابق حسن جمیل کا خاندان امیر ترین عرب خاندانوں میں سے ایک ہے اور ان کے خاندان کے اثاثوں کی مالیت ڈیڑھ ارب ڈالر سے زائد ہے۔

حسن جمیل کا خاندان 12 واں امیر ترین عرب خاندان ہے اور ان کا خاندان سعودی عرب سمیت مشرق وسطیٰ میں ٹویوٹا کمپنی کی گاڑیوں کی تقسیم کا کاروبار بھی کرتا ہے۔

علاوہ ازیں ان کے خاندان نے مشرق وسطیٰ میں متعدد فلاحی منصوبے بھی شروع کر رکھے ہیں۔

حسن جمیل کی جانب سے مشرق وسطیٰ میں فٹ بال لیگ بھی منعقد کرائی جاتی ہے، جس میں شامل تمام 14 ٹیمیں ان کی ملکیت ہیں۔

سعودی ارب پتی کے برطانوی ماڈل ناؤمی کامپبیل سے بھی تعلقات رہے—فوٹو: ماڈل انسٹاگرام
سعودی ارب پتی کے برطانوی ماڈل ناؤمی کامپبیل سے بھی تعلقات رہے—فوٹو: ماڈل انسٹاگرام

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں