‘جلتی معیشت پر عمران خان ڈانس کرتے رہے’

11 جون 2019
وزیراعظم عمران خان کے خلاف اپوزیشن نے نعرے لگائے—فوٹو:ڈان نیوز
وزیراعظم عمران خان کے خلاف اپوزیشن نے نعرے لگائے—فوٹو:ڈان نیوز

پاکستان پیپلزپارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے وفاقی بجٹ کو آئی ایم ایف کا بجٹ قرار دیا اور کہا کہ ہماری جلتی معیشت پر عمران خان ڈانس کرتے رہے۔

بلاول بھٹو زرداری نے قومی اسمبلی میں بجٹ سیشن کے بعد سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر میں اپنے پیغام میں کہا کہ ‘وزیر اعظم پاکستان نے قومی اسمبلی کے فلور ڈانس کررہے تھے جب ان کے وزرا پی ٹی آئی ایم ایف کا ٹیکسوں، مہنگائی اور بے روزگاری میں اضافے کا بجٹ پیش کررہے تھے’۔

ان کا کہنا تھا کہ ‘تاریخ یاد رکھے گی کہ جب ہماری معیشت جل رہی تھی تو عمران کس طرح ڈانس کررہے تھے’۔

میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ‘آج پی ٹی آئی کی حکومت نے قومی اسمبلی میں اپنا بجٹ پیش کیا اس سے پہلے متحدہ اپوزیشن کا اجلاس ہوا جس کا اعلامیہ بھی جاری کیا گیا’۔

مزید پڑھیں:مالی سال 20-2019 کیلئے 70 کھرب 36 ارب روپے کا بجٹ پیش

ان کا کہنا تھا کہ ‘ہمارا پہلا مطالبہ تھا کہ وزیر ستان سے تعلق رکھنے والے دو معزز اراکین، لاہور اور نواب شاہ سے تعلق رکھنے والے ایک، ایک معزز اراکین کا پروڈکشن آرڈر جاری کیا جائے جو بجٹ سیشن میں اپنے علاقے کی نمائندگی کریں’۔

بلاول کا کہنا تھا کہ ‘ہمارے بجٹ میں شمالی وزیرستان، جنوبی وزیرستان، نواب شاہ اور لاہور کے عوام کو محسن داوڑ، علی وزیر، آصف علی زرداری اور خواجہ سعد رفیق کے ذریعے بجٹ سیشن میں شامل ہونے کے حق سے محروم رکھا گیا اور بجٹ پاس کیا گیا’۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم نے فیصلہ کیا تھا کہ اگر یہ عوام دوست بجٹ لے کر آئیں گے تو اپوزیشن بھی ان کی حوصلہ افزائی کرے گی لیکن بدقسمتی سے انہوں نے خلاف ورزی کرتے ہوئے وقت سےپہلے سیشن شروع کیا اور اپوزیشن کو بجٹ کی کاپیاں بھی نہ دیں۔

یہ بھی پڑھیں:وفاقی بجٹ: چینی ، خوردنی تیل، سیمنٹ مہنگی

چیئرمین پی پی پی نے کہا کہ یہ عوام دشمن، غریب دشمن بجٹ ہے اور پاکستان پیپلزپارٹی نے پہلے کہا تھا کہ اگر یہ عوام دشمن بجٹ ہوگا تو ہم مخالفت کریں گے اور آج پوری اپوزیشن جماعتوں نے بھی اس پر اتفاق کیا۔

انہوں نے کہا کہ ‘پہلا قدم یہ ہوگا کہ یہ بجٹ پارلیمان سے پاس نہ ہو، پوری کوشش ہوگی کہ عوام دشمن بجٹ پاس نہ ہو اور تمام جماعتیں مل کر اس پر کام کریں گی’۔

آئی ایم ایف بجٹ عوام کا خون نچوڑنا کا نسخہ ہے، مریم نواز

پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے بھی پی ٹی آئی کے بجٹ کو عوام اور غریب دشمن قرار دیتے ہوئے اس پر تنقید کی۔

یہ بھی پڑھیں:ماہانہ 50 ہزار روپے تنخواہ دار طبقے پر ٹیکس عائد

مریم نے ٹویٹر پر اپنے بیان میں کہا کہ ‘یہ بجٹ نہیں، ملکی نااہلوں اور عالمی ساہو کاروں کا تیار کردہ عوام کا خون چوسنے کا نسخہ ہے’۔

ان کا کہنا تھا کہ ‘مہنگائی، بےروزگاری اور غربت کی یہ کالی دستاویز نااہل حکومت کا ایک اور سیاہ کارنامہ ہے جو پاکستان کو کئی سال پیچھے دھکیل دے گا اور غریب کا سانس لینا دشوار بنا دے گا’۔

بجٹ کو غریب دشمن قرار دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ‘اشیائے خورد و نوش اور ضروریات زندگی مہنگی کرنے والی حکومت نے آئی ایم ایف بجٹ کے ذریعے اپنی نالائقی کا بوجھ اس غریب طبقے پر ڈالا جو پہلے سے اس نااہل حکومت کی وجہ پریشان حال زندگی گزار رہے ہیں، نالائق اعظم کا ایک ایک دن ملک پر گہرے زخم لگا رہا ہے’۔

وزیراعظم کو مخاطب کرکے انہوں نے کہا کہ ‘جس انسان کے گھر کے اخراجات سمیت اس کا ذاتی خرچ اس کے ارب پتی دوستوں کے ذمہ ہو، اس کو مزدور اور محنت کش کے خاندان سمیت 15 ہزار میں زندہ رہنے کا ادراک اور احساس بھی کیسے ہو گا’۔

رپورٹس کے مطابق مسلم لیگ (ن) کی 13 رکنی اقتصادی مشاورتی کونسل کے اجلاس میں بجٹ کا جائزہ لیا گیا۔

خیال رہے کہ پی ٹی آئی کی جانب سے مالی سال 20-2019 کے لیے 70 کھرب 36 ارب روپے کا بجٹ پیش کیا گیا جس میں چینی، خوردنی، گوشت، سیمنٹ سمیت روزمرہ استعمال کی دیگر اشیا پر ٹیکس اورڈیوٹی میں اضافے کی تجویز دی گئی جس کے باعث ملک میں مزید مہنگائی کا خدشہ ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں