دپیکا پڈوکون کی فٹنس کا راز سامنے آگیا

دپیکا پڈوکون اپنی ورزش کے دوران کی تصاویر اور ویڈیوز بھی سوشل میڈیا پر شیئر کرتی ہیں —فوٹو/ اسکرین شاٹ
دپیکا پڈوکون اپنی ورزش کے دوران کی تصاویر اور ویڈیوز بھی سوشل میڈیا پر شیئر کرتی ہیں —فوٹو/ اسکرین شاٹ

بولی وڈ اداکارہ دپیکا پڈوکون اپنی شاندار اداکاری اور خوبصورتی کے لیے ہی نہیں پہچانی جاتی، بلکہ اپنی فٹنس کی وجہ سے بھی لوگوں کی توجہ کا مرکز بنی رہتی ہیں۔

مداح ہمیشہ سے دپیکا پڈوکون کا اس حد تک فٹ رہنے کا راز جاننا چاہتے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ اداکارہ کی روز مرہ کی زندگی پر بھی نظر رکھی جاتی ہے۔

مزید پڑھیں: بولی وڈ اداکاراؤں کو پرکشش بنانے میں‘کراچی والا‘ کا ہاتھ

ہر کوئی جاننا چاہتا ہے کہ دپیکا اپنی ڈائیٹ میں کیا کھاتی ہیں اور کس قسم کی ورزش کرتی ہیں جس کی وجہ سے وہ ہر وقت اتنی فٹ نظر آتی ہیں۔

اور اب بولی وڈ کی کامیاب اداکارہ کی فٹنس کا راز سامنے آگیا۔

دپیکا پڈوکون کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہورہی ہے، یہ ویڈیو کسی اور نے نہیں بلکہ دپیکا کی فٹنس ٹرینر یاسمین کراچی والا نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر شیئر کی۔

اس ویڈیو میں دپیکا پڈوکون جم میں ایک نہایت مشکل ورزش کرتی نظر آئیں، جس کا نام یاسمین نے کیڈی لیک بتایا۔

واضح رہے کہ دپیکا پڈوکون اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر خود بھی کئی مرتبہ جم میں اپنی ورزش کے دوران کی تصاویر اور ویڈیوز شیئر کرچکی ہیں۔

ماضی میں دیے اپنے ایک انٹرویو میں دپیکا پڈوکون نے یہ بھی واضح کیا تھا کہ وہ کھانے پینے کی بےحد شوقین ہیں اور دیگر اداکاراؤں کی طرح فٹ رہنے کی لیے انہوں نے کچھ بھی کھانا پینا نہیں چھوڑا، البتہ اس کی مقدار کم کردی۔

دپیکا نے بتایا تھا کہ وہ فٹ رہنے کی کوشش کرتی ہیں، جس کے لیے وہ اپنی نیند پوری کرتی ہیں، وقت پر جم جاکر ورزش کرتی ہیں اور ایسا کھانا کھاتی ہیں جو ان کی صحت کو متاثر نہ کرے۔

یہ بھی پڑھیں: کاش ورزش کیے بغیر بہترین نظر آتی، دپیکا

انہوں نے اپنے مداحوں کو بھی مشورہ دیا کہ وہ جم جاکر ورزش شروع کریں تاکہ فٹ رہیں اور صحت بخش زندگی گزاریں۔

کام کے حوالے سے بات کی جائے تو دپیکا پڈوکون اس وقت اپنی فلم 'چھپاک' میں مصروف ہیں، جس کی شوٹنگ اداکارہ نے حال ہی میں مکمل کی۔

اس فلم میں دپیکا تیزاب گردی کا شکار نوجوان لڑکی کا کردار نبھاتے نظر آئیں گی۔

فلم کی ہدایات میگھنا گلزار دے رہی ہیں، جبکہ اس کی پروڈکشن خود دپیکا پڈوکون کررہی ہیں۔

اس کے علاوہ دپیکا جلد فلم '83' کی شوٹنگ کا بھی آغاز کریں گی، جس میں وہ اپنے شوہر اداکارہ رنویر سنگھ کے ہمراہ شادی کے بعد پہلی بار دوبارہ اسکرینز پر کام کرتی نظر آئیں گی۔

فلم '83' نامور بھارتی کرکٹر کپل دیو کی زندگی پر مبنی ہے، جس میں رنویر کپل دیو کا جبکہ دپیکا ان کی اہلیہ رومی بھاٹیا کا کردار نبھارہی ہیں۔

فلم '83' اگلے سال 10 اپریل کو جبکہ 'چھپاک' اگلے سال 10 جنوری کو سینما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔

تبصرے (0) بند ہیں