بلیو ایریا فائرنگ کیس: ملزم سکندر کی سزا کے خلاف اپیل مسترد

12 جون 2019
عدالت نے فائرنگ کرنے والے شخص سکندر کی سزا کے خلاف اپیل پر 13 مارچ کو فیصلہ محفوظ کیا تھا—فائل فوٹو: اے ایف پی
عدالت نے فائرنگ کرنے والے شخص سکندر کی سزا کے خلاف اپیل پر 13 مارچ کو فیصلہ محفوظ کیا تھا—فائل فوٹو: اے ایف پی

اسلام آباد ہائی کورٹ نے وفاقی دارالحکومت کے بلیو ایریا میں فائرنگ کیس کے ملزم محمد سکندر کی سزا کے خلاف اپیل مسترد کردی۔

عدالت عالیہ نے فائرنگ کرنے والے شخص سکندر کی سزا کے خلاف اپیل پر 13 مارچ کو فیصلہ محفوظ کیا تھا، جسے آج جاری کیا گیا۔

ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ اور جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے 22 صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ جاری کیا۔

مزید پڑھیں: بلیو ایریا فائرنگ کیس: ملزم سکندر کی سزا کے خلاف اپیل پر فیصلہ محفوظ

فیصلے میں کہا گیا کہ 6 سال قبل بندوق کی نوک پر خوف پھیلانے والے سکندر اپنی سزا پوری کریں، پراسیکیوشن نے اپنا کیس ثابت کیا، لہٰذا سکندر کی اپیل مسترد کی جاتی ہے۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کے فیصلے کے مطابق ٹرائل کورٹ نے سکندر کو کم سزا دینے کی وجہ بیان نہیں کی جبکہ وفاق نے سزا بڑھانے کے لیے اپیل بھی دائر نہیں کی۔

خیال رہے کہ اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی عدالت نے وفاقی دارالحکومت کے علاقے بلیو ایریا میں فائرنگ کرکے علاقے کو یرغمال بنانے والے ملزم سکندر کو 16 سال قید کی سزا سنائی تھی۔

عدالت نے ملزم سکندر پر ایک لاکھ 10 ہزار روپے جرمانہ بھی عائد کیا تھا جبکہ جرمانہ ادا نہ کرنے کی صورت میں ملزم کو مزید 6 ماہ قید کا سامنا کرنا تھا۔

یاد رہے کہ اگست 2013 میں دارالحکومت اسلام آباد میں حکومت سے نالاں اسلحے سے لیس ایک عام شہری نے اسلامی نظام کے نفاذ کا مطالبہ کرتے ہوئے ہوائی فائرنگ کی تھی جس سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا تھا۔

مزید پڑھیں: بلیو ایریا فائرنگ کیس: ملزم سکندر کو 16 سال قید کی سزا

تقریباً 5 گھنٹے تک جاری رہنے والی اس کارروائی کے دوران متعدد مرتبہ سینئر پولیس افسران نے ملزم سکندر سے مذاکرات کرنے کی کوششیں کی تاہم وہ کامیاب نہیں ہوسکے تھے اور اس دوران وہ اپنے اہلیہ کے ذریعے بھی حکام تک اپنے مطالبات تحریری طور پر پہنچاتا رہا تھا۔

ملزم سکندر نے ہتھیاروں کے ساتھ شام ساڑھے 5 بجے سے رات کے 11 بجے تک جناح ایونیو کے علاقے میں خوف و ہراس پھیلایا تھا، جہاں قریب ہی مصروف تجارتی علاقہ ہے اور اس سڑک کے اختتام پر ایوان صدر اور پارلیمنٹ ہاؤس واقع ہیں۔

بعد ازاں پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے رہنما زمرد خان کی مدد سے موقع پر موجود سیکیورٹی اہلکار نے ملزم سکندر پر قابو پالیا تھا لیکن وہ سیکیورٹی فورسز کی فائرنگ سے شدید زخمی ہوگیا تھا۔

تبصرے (0) بند ہیں