اپنے پسندیدہ ستاروں کو قریب سے جاننا چاہتے ہیں؟

اس شو کی پہلی قسط عید پر نشر ہوئی —فوٹو/ اسکرین شاٹ
اس شو کی پہلی قسط عید پر نشر ہوئی —فوٹو/ اسکرین شاٹ

یقیناً ہر مداح کی ہی یہ خواہش ہوتی ہے کہ وہ اپنے پسندیدہ اسٹار کی پروفیشنل زندگی کے ساتھ ساتھ ذاتی زندگی کے بارے میں کافی کچھ جان سکے اور اگر آپ کی بھی ایسی کوئی خواہس ہے تو اداکار احسن خان کا نیا شو آپ کو خوب پسند آئے گا۔

احسن خان اپنے نئے شو 'بول نائٹس ود احسن خان' میں میزبانی کرتے نظر آئیں گے جو نامور ستاروں کو اپنے شو پر مدعو کریں گے اور ان کے ساتھ ان کی ذاتی زندگی کے حوالے سے بات جیت کریں گے۔

اداکار کا اپنے شو کے حوالے سے ڈان سے بات کرتے ہوئے کہنا تھا کہ 'میں ان ستاروں پر فوکس کررہا ہوں جن کو لوگ تیزی اور دلچسپی کے ساتھ فالو کررہے ہیں، جو میڈیا میں مقبول ہیں، میں ان ستاروں سے عام انداز میں بات چیت کروں گا، اس شو کا کوئی اسکرپٹ نہیں، مجھے ایسا محسوس ہوتا ہے کہ جس طرح کا میں انسان ہوں، لوگ بہت جلدی میرے ساتھ مطمئن محسوس کرنے لگتے ہیں'۔

انہوں نے مزید بتایا کہ 'اب تک میں عائزہ خان اور دانش تیمور، ریما اور عمران عباس، حرا مانی اور عفان وحید، رمشا خان اور منیب بٹ جیسے ستاروں کو اپنے شو پر مدعو کرچکا ہوں، بہت جلد میں سجل علی اور دیگر ستاروں کو بھی شو پر آنے کی دعوت دوں گا'۔

احسن خان کے مطابق ان کی ٹیم سوشل میڈیا پر سروے کررہی ہے کہ مداح کس کے بارے میں کیا جاننا چاہتے ہیں اور پھر اس ہی انداز میں سوالات تیار کیے جاتے ہیں۔

اداکار نے کہا کہ 'میرا خیال ہے لوگوں کو اسٹارز کو اس طرح جاننا چاہیے جو وہ حقیقت میں ہیں، ان کی عزت کرنی چاہیے، وہ دنیا میں موجود جنتے بھی اسٹارز ہیں ان کے برابر ہی ہیں، اور ہمیں اپنے ستاروں کو مثبت انداز میں دنیا کے سامنے پیش کرنا چاہیے'۔

شو کا آغاز مدعو کیے گئے اسٹارز کے تعارف سے کیا جاتا ہے، جس کے بعد چند سوالات پوچھے جاتے ہیں۔

بعدازاں شو میں چند گیمز کو بھی شامل کیا گیا ہے، جس سے یہ مزید دلچسپ بن جائے گا۔

خیال رہے کہ بول نائٹس ود احسن خان کی پہلی قسط رواں سال عیدالفطر کے موقع پر نشر کی گئی۔

تبصرے (0) بند ہیں