بولی وڈ اداکار رنویر سنگھ اور دپیکا پڈوکون اپنے کیریئر میں چوتھی مرتبہ ایک ہی فلم میں ساتھ کام کرنے جارہے ہیں تاہم رنویر سنگھ کی خوشی کی وجہ یہ نہیں بلکہ کچھ اور ہے۔

دپیکا پڈوکون اپنے شوہر اداکار رنویر سنگھ کی اگلے سال ریلیز ہونے والی فلم '83' کا حصہ بن چکی ہیں، یہ فلم نامور بھارتی کرکٹر کپل دیو کی زندگی پر مبنی ہے، جس میں دپیکا کپل دیو کی اہلیہ رومی بھاٹیا کا کردار نبھائیں گی۔

دپیکا اور رنویر دونوں نے اس فلم کی کاسٹنگ کے حوالے سے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر تصاویر بھی شیئر کی۔

اداکارہ نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر فلم کے ہدایت کار کبیر خان اور رنویر سنگھ کے ہمراہ ایک تصویر شیئر کی، جس پر دپیکا نے کبیر خان کا فلم میں کاسٹ کرنے کے حوالے سے شکریہ ادا کیا۔

مزید پڑھیں: دپیکا پڈوکون کی فٹنس کا راز سامنے آگیا

اس تصویر پر دپیکا کے شوہر اور فلم کے مرکزی اداکار رنویر سنگھ نے ایک دلچسپ کمنٹ بھی کیا۔

اداکار نے لکھا کہ 'اور اس بار آخر میں ہماری موت نہیں ہوگی'، اور اس پر اپنی خوشی کا اظہار کیا۔

واضح رہے کہ رنویر سنگھ اور دپیکا پڈوکون ایک ساتھ 3 فلموں میں کام کرچکے ہیں، جن میں رام لیلا، باجی راؤ مستانی اور پدماوت شامل ہیں۔

2013 میں ریلیز ہونے والی فلم 'رام لیلا' میں دپیکا اور رنویر نے دو الگ کمیونیٹیز سے تعلق رکھنے والے نوجوانوں کا کردار نبھایا تھا جو ایک دوسرے کی محبت میں مبتلا ہوگئے تھے، تاہم آخر میں ان دونوں نے ایک ساتھ خودکشی کرلی تھی۔

2015 میں ریلیز ہوئی فلم 'باجی راؤ مستانی' کے آخر میں بھی دپیکا پڈوکون اور رنویر سنگھ کے کرداروں کی موت ہوجاتی ہے۔

جبکہ گزشتہ سال سامنے آئی فلم 'پدماوت' کے آخر میں دپیکا پڈوکون کا کردار رانی پدماوتی رنویر سنگھ کے کردار علاؤالدین خلجی سے خود کو بچانے کے لیے خودکشی کرلیتی ہیں۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ رنویر سنگھ نے 2014 میں ریلیز ہوئی دپیکا پڈوکون کی فلم 'فائنڈنگ فینی' میں بھی معاون کردار نبھایا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: اصل زندگی کے بعد دپیکا فلم میں رنویر کی بیوی بنیں گی

اس فلم میں رنویر دپیکا کے شوہر بننے تھے، جن کا انتقال شادی کے دن ہی دل کا دورہ پڑنے کے باعث ہوجاتا ہے۔

تاہم اب آخر کار یہ دونوں ایک ایسی فلم میں ساتھ آرہے ہیں جس کا آخر ان دونوں کے کرداروں کے لیے مثبت ہوگا۔

رنویر سنگھ نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ایک مزاحیہ ویڈیو بھی شیئر کی، جس میں دپیکا پڈوکون انہیں بلے سے مار رہی ہیں۔

اس ویڈیو پر رنویر سنگھ نے لکھا کہ یہ ان کی فلمی اور اصل زندگی کی کہانی ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں