اوپن مارکیٹ میں ڈالر ایک روپے 50 پیسے مہنگا

اپ ڈیٹ 13 جون 2019
عید الفطر کی چھٹیوں کے بعد ڈالر کی قدر میں اضافہ ریکارڈ کی گیا — فائل فوٹو/ اے ایف پی
عید الفطر کی چھٹیوں کے بعد ڈالر کی قدر میں اضافہ ریکارڈ کی گیا — فائل فوٹو/ اے ایف پی

کراچی: انٹر بینک مارکیٹ میں ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں کمی کا رحجان برقرار ہے اور ڈالر کی قیمت ایک روپے 60 پیسے اضافے کے ساتھ 153 روپے 60 پیسے ہوگئی۔

دوسری جانب اوپن مارکیٹ میں ڈالر ایک روپے 50 پیسے مہنگا ہوکر 153 روپے 50 پیسے کا ہوگیا۔

مزیدپڑھیں: عید الفطر کی چھٹیوں سے قبل ڈالر کی قدر میں اضافہ

کرنسی ڈیلرز نے ڈالر کی قدر میں اضافے کی وجہ مالی سال کے اختتام کو قرار دیا ہے۔

ان کے مطابق مالی سال کے اختتام کی تاریخ 30 جون قریب پہنچ رہی اور ساتھ ہی ملٹی نیشنل کمپنیاں اپنا تمام منافع ملک سے باہر بھیج رہی ہیں۔

خیال رہے کہ عید الفطر کی چھٹیوں سے قبل بھی انٹر بینک مارکیٹ میں ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں کمی کا رجحان دیکھا گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: ڈالر ایک مرتبہ پھر 151 روپے کا ہوگیا

انٹر بینک میں امریکی ڈالر 75 پیسے مہنگا ہو کر 148.90 روپے کا ہوگیا تھا جبکہ اوپن مارکیٹ میں ڈالر 30 پیسے مہنگا ہوکر 148.80 روپے کا ہوگیا۔

کرنسی ڈیلرز نے امید ظاہر کی تھی کہ عید کی تعطیلات کے بعد انٹر بینک مارکیٹ میں بھی ڈالر کی طلب کم ہوگی اور وہ کمرشل امپورٹرز جو قیمت میں بہت زیادہ اتار چڑھاؤ کی وجہ سے ڈالر کی ذخیرہ اندوزی کر رہے ہیں وہ بھی اپنے فیصلے پر نظر ثانی کریں گے جس سے انٹر بینک مارکیٹ میں ڈالر کی طلب کم ہوجائے گی اور اس کے اثرات اس کی قیمت پر بھی پڑیں گے۔

واضح رہے کہ رواں برس مئی میں انٹر بینک اور اوپن مارکیٹ میں روپے کے مقابلے میں ڈالر کی قدر میں کافی کمی دیکھی گئی تھی۔

حکومت پاکستان اور انٹرنیشنل مانیٹر فنڈ (آئی ایم ایف) سے معاہدے کے بعد ڈالر کی قیمت میں گزشتہ ماہ مئی میں ایک ہفتے کے دوران ڈالر کی قدر میں 9 روپے 60 پیسے کا اضافہ ہوگیا تھا اور ڈالر روپے کے مقابلے میں اوپن مارکیٹ میں تقریباً 3 روپے اضافے کے بعد تاریخ کی بلند ترین سطح 154 روپے پر پہنچ گیا تھا۔

تبصرے (0) بند ہیں