عمران خان کا وقت پورا ہوگیا، جلد انجام کو پہنچنے والے ہیں، نواز شریف

اپ ڈیٹ 13 جون 2019
مسلم لیگ (ن) نے ملک میں مہنگائی کو نکیل ڈال کر رکھی تھی—فائل فوٹو: اے ایف پی
مسلم لیگ (ن) نے ملک میں مہنگائی کو نکیل ڈال کر رکھی تھی—فائل فوٹو: اے ایف پی

سابق وزیر اعظم اور مسلم لیگ (ن) کے تاحیات قائد نواز شریف نے وزیراعظم عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کا وقت پورا ہوچکا ہے اور وہ جلد اپنے انجام کو پہنچنے والے ہیں۔

کوٹ لکھپت جیل میں سزا کاٹنے والے نواز شریف نے جیل میں لیگی کارکنوں سے ملاقات کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان نے ملک کی معیشت کا بیڑہ غرق کردیا ہے، انہیں شرم آنی چاہیے۔

وزیر اعظم پر تنقید کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ عمران نیازی کے پاس عوامی مینڈیٹ نہیں، وہ اپنی ناقص پالیسیوں اور انتقامی سیاست کے باعث ہٹ وکٹ ہوچکے ہیں، ہم نے بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کو خیرباد کہا مگر عمران خان کشکول لے کر ان کے پاس چلے گئے۔

اپنی بات جاری رکھتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے ملک میں مہنگائی کو نکیل ڈال کر رکھی تھی، ہمارے دور میں روپے کی قدر مستحکم اور تیل کی قیمتیں کم تھیں لیکن سلیکٹڈ وزیر اعظم کی ناقص پالیسیوں سے عوام پریشان ہیں، عمران خان کی نااہلی نے ملک کو تباہی کے دہانے پر پہنچادیا ہے، ملک کی معیشت کا جنازہ نکل رہا ہے کوئی پوچھنے والا نہیں ہے۔

مزید پڑھیں: ’مودی کا طیارہ اجازت ملنے کے باوجود پاکستان سے نہیں گزرے گا‘

سپریم کورٹ سے نااہل ہونے والے تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین کے بارے میں نواز شریف نے کہا کہ جہانگیر ترین سمیت دیگر بدعنوان لوگ عمران خان کی اپنی جماعت میں ہیں جبکہ حکومت کے بہت سارے وزرا کرپشن میں ملوث ہیں لیکن کوئی نہیں دیکھ رہا۔

ساتھ ہی انہوں نے یہ بھی کہا کہ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے عمران خان کو منہ نہیں لگایا، نہ وہ ان کا فون سنتے ہیں اور نہ حلف برداری میں بلاتے ہیں، ہمارے دور میں نریندر مودی اور اٹل بہاری واجپائی پاکستان آئے۔

اس موقع پر سابق صدر آصف علی زرداری اور اپنے بھتیجے حمزہ شہباز کی گرفتاری پر تبصرہ کرتے ہوئے نواز شریف کا کہنا تھا کہ ان لوگوں کی گرفتاری بلاوجہ اور انتقامی کارروائی ہے، عوام جانتے ہیں کہ کیا ہورہا ہے۔

موجودہ بجٹ حکومت کا نہیں آئی ایم ایف کا ہے، رانا ثنا اللہ

دوسری جانب مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور سابق وزیر قانون پنجاب رانا ثنا اللہ نے جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ موجودہ بجٹ حکومت کا نہیں بلکہ آئی ایم ایف کا ہے، یہ بین الاقوامی اسلام دشمن ملکوں کا ایجنڈا تھا کہ پاکستان کی خود مختاری کو ختم کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ جعلی مینڈیٹ کے حامل کٹھ پتلی حکمران کو پاکستان میں لایا گیا ہے جبکہ جعلی سازی سے بنائی گئی حکومت کے پاس پارلیمنٹ میں ووٹ نہیں ہے۔

رانا ثنااللہ نے کہا کہ 30 جون کو یہ بجٹ بھی پاس نہیں ہوگا اور حکومت کے خلاف عدم اعتماد بھی ہوجائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: 'ٹیکس وصولی میں کسی کو ناراض کرنا پڑا تو تیار ہیں'

وزیر اعظم عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تکبر سے بھرا حکمران رات 12 بجے بھی قوم کو تقسیم کرتا ہے اور نفرت پھیلاتا ہے، اگر کمیشن بنانا ہے تو سپریم کورٹ کے معزز جج کی سربراہی میں بنایا جائے اور یہ کمیشن موجودہ حکومت کے 10 ماہ میں 5 ہزار ارب روپے کے قرضوں کی تحقیقات شروع کرے، اس کے ساتھ ساتھ اس کمیشن میں شامل کیے جانے والے افراد کی پارلیمنٹ سے منظوری لی جائے۔

پاکستانیوں سے زیادہ کوئی ٹیکس نہیں دیتا، نہال ہاشمی

ادھر لیگی رہنما نہال ہاشمی نے بھی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ 60 روپے پیٹرول دینے والا، لوگوں کے اندھیرے کم کرنے والا، لیپ ٹاپ دینے والا، موٹرویز بنانے والا جیل میں جبکہ 113 روپے پیٹرول کرنے والا باہر ہے۔

نہال ہاشمی کا کہنا تھا کہ یہ بجٹ پاکستان کے عوام نے رد کردیا ہے، پاکستان کا ہر آدمی ٹیکس دیتا ہے اور پاکستانیوں سے زیادہ کوئی ٹیکس نہیں دیتا لیکن بے نامی وزیر اعظم کہتے ہیں کہ پاکستانی ٹیکس نہیں دیتے، میں عمران خان سے پوچھتا ہوں کہ آپ نے کتنا ٹیکس دیا یہ بتایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے دور میں کبھی واجپائی آنے کا کہتے تھے تو کبھی نواز شریف کو حلف میں بلایا جاتا تھا لیکن اب تو بھارت سے کوئی دعوت نامہ نہیں آتا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں