رشی کپور ملاقات کرنے پر ماورا حسین کے مشکور

ای میل

دونوں اداکاروں کی ملاقات کی تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی—فوٹو: ٹوئٹر
دونوں اداکاروں کی ملاقات کی تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی—فوٹو: ٹوئٹر

بولی وڈ کے مقبول اداکار رشی کپور اکتوبر 2018 میں اچانک بھارت سے امریکا منتقل ہوگئے تھے اور اطلاعات تھیں کہ وہ کینسر میں مبتلا ہیں۔

بھارتی میڈیا میں رشی کپور کی کینسر میں مبتلا ہونے کی چہ مگوئیوں کے باوجود اداکار اور ان کے اہل خانہ نے کینسر کی تصدیق نہیں کی تھی۔

تاہم اداکار کے اہل خانہ سے بتایا گیا تھا کہ رشی کپور علاج کے لیے امریکا منتقل ہوئے ہیں۔

کینسر کی چہ مگوئیوں کے 6 ماہ بعد رواں برس اپریل میں یہ خبر سامنے آئی تھی کہ رشی کپور کا امریکا میں کینسر کا علاج کامیاب ہوا اور اب وہ کینسر فری ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: رشی کپور نے کینسر کو شکست دے دی

کپور کے کینسر فری ہونے کی تصدیق بھارتی فلم ساز راہول راویل نے فیس بک پوسٹ کے ذریعے کی تھی۔

راہول راویل نے رشی کپور کے ساتھ اپنی تصویر شیئر کرتے ہوئے دعویٰ کیا تھا کہ اداکار اب کینسر سے چھٹکارا حاصل کر چکے ہیں۔

تاہم اس باوجود رشی کپور اب تک امریکا میں موجود ہیں اور بھارتی میڈیا کے مطابق اداکار اگرچہ کینسر سے چھٹکارا حاصل کر چکے ہیں، تاہم وہ مزید علاج اور ٹیسٹس کے لیے امریکا میں رکے ہوئے ہیں۔

رشی کپور کی امریکا میں موجودگی کے دوران جہاں ان سے کئی بھارتی اداکاروں نے ملاقات کی، وہیں ان سے پاکستانی اداکارہ ماروا حسین نے بھی ملاقات کی۔

حال ہی میں سوشل میڈیا پر اداکارہ ماورا حسین اوررشی کپور کی ملاقات کی ملاقات کی تصاویر وائرل ہوئیں، جس کے بعد اب رشی کپور نے تصدیق کی ہے کہ ان سے پاکستانی اداکارہ نے ملاقات کی۔

مزید پڑھیں: رشی کپور کی بیماری سے متعلق ان کے بھائی کا اہم انکشاف

رشی کپور اور ماروا حسین کی تصاویر وائرل ہونے کے بعد ایک خاتون نے بولی وڈ اداکار سے سوال کیا کہ تصویر میں نظر آنے والی نوجوان خواتین کون ہیں؟

خاتون کے سوال پر رشی کپور نے جواب دیا کہ ان کے ساتھ تصویر میں نظر آنے والی خواتین پاکستان کی معروف اداکارہ ماورا حسین اور ان کی دوست خدیجہ ہیں۔

ساتھ ہی اداکارہ نے ملاقات کرنے پر اداکارہ ماورا حسین کا شکریہ بھی ادا کیا۔

رشی کپور نے لکھا کہ انہیں پاکستانی اداکارہ سے مل کر خوشی ہوئی اور انہیں اچھا لگا کہ ماورا حسین نے ان سے ملاقات کی۔

یہ پہلا موقع نہیں ہے کہ ماورا حسین نے رشی کپور سے ملاقات کی ہو، اس سے قبل بھی وہ رشی کپور اور ان کی اہلیہ نیتو کپور سے ملاقات کر چکی ہیں اور انٹرنیٹ پر ماضی میں بھی ان کی تصاویر وائرل ہوئی تھیں۔

علاوہ ازیں ماضی میں اطلاعات رہیں کہ ماورا حسین اداکار رشی کپور کی بیٹی رادھما کپور کی اچھی دوست بھی ہیں۔

تاہم دوسری جانب رشی کپور سے دوران علاج امریکا میں ملاقات کرنے کے حوالے سے ماورا حسین نے کچھ نہیں بتایا۔

ماضی میں ماورا اداکار کی اہلیہ سے بھی مل چکی ہیں—فوٹو: ٹوئٹر
ماضی میں ماورا اداکار کی اہلیہ سے بھی مل چکی ہیں—فوٹو: ٹوئٹر